مہاراشٹرا کے حصوں میں بند، بس و ٹرین ٹریفک میں خلل

ممبئی 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کیخلاف کانگریس کی جانب سے آج بھارت بند کے دوران مہاراشٹرا کے کئی حصوں میں احتجاجیوں نے بسوں کو نشانہ بنایا اور ٹرین ٹریفک میں خلل ڈالا لیکن اسکولس، کالجس اور دفاتر ریاست میں بدستور کھلے رہے۔ مہاراشٹرا کانگریس کے ورکرس نے پارٹی کی مرکزی قیادت کی جانب سے ملک گیر بند کی اپیل پر بی جے پی زیرقیادت ریاست کے کئی حصوں میں احتجاج منظم کئے۔ اِس بند کی دیگر اپوزیشن پارٹیوں جیسے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی، راج ٹھاکرے زیرقیادت مہاراشٹرا نو نرمان سینا، سماج وادی پارٹی، پیژنٹس اور بہوجن سماج پارٹی نے تائید کی۔ مختلف سیاسی جماعتوں بشمول کانگریس اور ایم این ایس کے ورکرس نے سب اربن ٹرینوں کو روکتے ہوئے ٹرانسپورٹ سرویس میں کچھ دیر کے لئے خلل پیدا کیا اور ممبئی میں مختلف مقامات پر میٹرو ریل کو بھی روک دیا۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہاکہ تقریباً 100 کانگریس قائدین اور ورکرس ممبئی میں احتجاج کے دوران گرفتار کرلئے گئے ہیں۔