مہاراشٹرا کے اسکولوں میں داخلوں کیلئے آدھار کارڈ کا لزوم

ممبئی ۔ 23 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : حکومت مہاراشٹرا نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ قانون حق تعلیم پر موثر عمل آوری کو یقینی بنانے کے لیے اسکولوں میں داخلوں کے رجسٹریشن کو آدھار کارڈ سے مربوط کیا جائے ۔ آج یہاں جاری کردہ سرکاری قرار داد میں بتایا گیا ہے کہ اسکولی طلباء کے لیے آدھار کارڈ کی تیاری کے لیے ایک خصوصی مہم 27 اپریل تا 26 جون شروع کی جائے گی ۔ ریاستی حکومت نے مقامی انتظامیہ ( ایڈمنسٹریشن ) سے کہا کہ تعلقہ اور دیہات کے سطح پر اسکولی طلباء کے لیے اندرون 60 یوم آدھار کارڈ جاری کئے جائیں اور UID نمبر کو اسکول میں داخلہ رجسٹریشن سے مربوط کیا جائے ۔ جس کے باعث تعلیمی نظام میں بچوں کی شمولیت کے لیے آسانی ہوگی ۔ حکومت نے وضاحت کی ہے کہ یہ اقدام قانون حق تعلیم پر موثر عمل آوری کے لیے کیا گیا ہے ۔ یہ قانون 6-14 سال کے بچوں کو تعلیمی نظام سے بیگانہ رہنے کی اجازت نہیں دیتا ۔