ممبئی 2؍جون (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں پرتھوی راج چوہان کی قیادت والی کانگریس۔ این سی پی حکومت نے اندرون چار روز دوسری بار وزارت میں توسیع کی جہاں مزید دو وزراء کو شامل کیا گیا۔ امیت دیشمکھ جو سابق وزیراعلیٰ آنجہانی ولاس راؤ دیشمکھ کے فرزند ہیں اور عبدالستار جن کا تعلق مراٹھواڑہ سے ہے، کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ عبدالستار کو کابینی وزیر کی حیثیت سے حلف دلایا گیا ہے، وہیں دیشمکھ کو مملکتی وزیر کی حیثیت سے حلف دلایا گیا۔ راج بھون میں منعقدہ تقریب میں گورنر شنکر نارائنن نے عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔