اسمبلی انتخابات سے قبل مخلوط حکومت کا اہم فیصلہ
ممبئی 9 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) اسمبلی انتخابات سے قبل ایک اہم فیصلے میں مہاراشٹرا حکومت نے آج اعلان کیا کہ وہ ریاست بھر میں جملہ 44 ٹول پلازا برخواست کر رہی ہے ۔ ریاست میں روڈ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف گذشتہ دنوں زبردست احتجاج ہوا تھا جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار نے ریاستی اسمبلی میں بجٹ پر مباحث کے دوران جواب دیتے ہوئے یہ اعلان کیا ۔ اجیت پوار فینانس کا قلمدان بھی رکھتے ہیں۔ مسٹر پوار نے کہا کہ مہاراشٹرا روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے تعمیر کردہ 34 سڑکوں پر اور پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کی تعمیر کردہ 10 روڈز پر ٹال پلازا جلد ہی برخواست کردئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان سڑکوں پر آپریٹ کرنے والے کنٹراکٹس کو معاوضہ ادا کیا جائیگا اور اس کیلئے 306 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ ریاست میں جملہ 166 ٹول پلازا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سے درخواست کی جائیگی کہ قومی شاہراہوں پر بھی ٹول کو ختم کردیا جائے ۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جبکہ کل ہی کولہا پور میں سیاسی جماعتوں بی جے پی ‘ شیوسینا ‘ سی پی آئی ‘ پی ڈبلیو پی اور سوابھیمانی شٹکاری سنگھٹن کی جانب سے ٹول کلکشن پالیسی کے خلاف احتجاج منظم کیا گیا تھا ۔ فبروری میں راج ٹھاکرے کی قیادت والی ایم این ایس نے ٹول کے مسئلہ پر ریاست بھر میں احتجاج شروع کیا تھا جو بعد میں پرتشدد ہوگیا تھا ۔ اجیت پوار نے ریاست کی معاشی صورتحال پر بے بنیاد دعوے کرنے پر بھی اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔