مالیگاؤں ( ناسک ) ۔ 2 ۔ دسمبر : (سیاست ڈاٹ کام ) : ضلع ناسک کے مالیگاؤں تعلقہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران علحدہ علحدہ واقعات میں 3 کسانوں نے خود کشی کرلی ۔ پولیس نے بتایا کہ ایک 33 سالہ کسان گنیش ہیمت بچاؤ متوطن سوناج ٹکالی گاوں نے کل اپنے کھیت میں ایک درخت سے لٹک کر خود کشی کرلی ۔ گنیش بظاہر گذشتہ 3 سال سے خشک سالی کی صورتحال اور اپنے والد اور معذور نوجوان بھائی اور دختر کے طبی مصارف کی ادائیگی میں مشکلات سے دل برداشتہ ہوگیا ۔ مقامی تحصیلدار امیت پوار نے یہ اطلاع دی ۔ جنہوں نے خود کشی واقعہ کا پنچنامہ کیا تھا ۔ ایک دوسرے واقعہ میں 33 سالہ مہیش بنسی لال سونا وائے متوطن پیڈیلاڈا گاوں نے کل زہر کا استعمال کر کے خود کشی کرلی ۔ جس کی نعش کھیت میں دستیاب ہوئی تھی ۔ مالیگاؤں تعلقہ پولیس اسٹیشن کے ایک کانسٹبل ایس کے بوگیر نے بتایا کہ 42 سالہ پروین بھٹومکر جو کہ زوڈگے گاؤں کا ساکن تھا ۔ زہر کھا کر فوت ہوگیا ۔ پولیس نے بتایا کہ سوناوانے اور پروین بھٹو نے فصلوں کے نقصان اور قرضوں کے بوجھ سے پریشان تھے ۔ جس کے باعث یہ انتہائی اقدام کیا ۔ واضح رہے کہ مہاراشٹرا میں جاریہ سال ناکافی بارش سے خشک سالی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔