مہاراشٹرا میں ہنوز خشک سالی اقدامات نہیں : منڈے

ممبئی۔7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا قانون ساز کونسل میں قائد اپوزیشن دھننجے منڈے نے چہارشنبہ کو اس بات کا ادعا کیا کہ بی جے پی زیر قیادت ریاستی حکومت کو خشک سالی ریلیف کے لیے ہنوز اقدامات شروع کرنا ہے اور حکومت نے ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی اقدامات نہیں کیے ہیں۔ 31 اکٹوبر کو ریاستی حکومت نے ریاست میں 36 اضلاع کے منجملہ 26 اضلاع میں 151 تعلقہ جات میں خشک سالی کی صورتحال ہونے کا اعلان کیا۔ خشک سالی سے متاثرہ بیڑڈسٹرکٹ میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے منڈے نے کہا کہ خشک سالی کا اعلان صرف کاغذ پر ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے ہنوز کوئی خشک سالی ریلیف اقدامات نہیں کیے ہیں۔ این سی پی کے قائد نے کہا کہ بیڑ ڈسٹرکٹ کو خاص طور پر نظرانداز کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر یہاں جائزہ اجلاس منعقد نہیں کررہے ہیں۔