مہاراشٹرا میں گنیش نمرجن جلوس کا اختتام

مداحوں کا جوش و خروش ،7,600 مورتیوں کی عوامی مقامات پر تنصیب
ممبئی ۔ 5 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی میں ممتاز گنیش منڈلوں کی مورتیوں کے نمرجن جلوس کا آغاز ہوگیا ، مہاراشٹرا کے دیگر علاقوں میں بھی آج صبح سے ہی مداحوں کے جوش و خروش کے دوران یہ آغاز ہوا ۔ عقیدت مندوں کی کثیرتعداد گنیش کو وداع کرنے کیلئے موجود تھی ۔ شہر میں سب سے پہلے گنیش گلی منڈل اور لال باگچہ راجہ کی مورتیوں کا کیا گیا۔ شولاپور میں گنیش کی مورتیوں کو بھگتوں نے اپنے مکانوں سے نکال کر سدھیشور جھیل میں اُن کا نمرجن کیا۔ نمرجن گنیش تہوار کے اختتام کا اعلان ہے ، جسے بال گنگا دھر تلک نے عوام میں مقبول بنایا تھا تاکہ عوام کو متحد کرسکیں۔ اُن کے حب الوطنی کے جذبات کو اُبھار سکیں اور برطانوی سامراج کے خلاف جنگ کے لئے تیار کرسکیں۔ 7,600 سے زیادہ گنیش کی مورتیاں عوامی مقامات پر اور ایک لاکھ سے زیادہ مکانوں میں بٹھائی گئی تھیں جن کا آج پولیس کے بموجب نمرجن کیا گیا ۔ سب سے چھوٹی مورتیوں کا پہلے نمرجن ہوا ۔ ان کے بعد بڑی مورتیاں جیسے لال باگچہ راجہ کا بحرعرب میں گرگاؤں چوپاٹی پر جنوبی ممبئی میں نمرجن کیا گیا ۔ برہن ممبئی مجلس بلدیہ ، پولیس ، کوسٹ گارڈاور بحریہ کے فوجیوں نے مورتیوں کے بلارکاوٹ اور محفوظ نمرجن کو یقینی بنایا ۔ نمرجن کے مقبول مقامات میں گرگاؤں کی چوپاٹی ، جوہو کا ساحل ، پوائی جھیل ، دادر چوپاٹی ، مدھ جیٹی اور ملاڈ میں ماروے تھے ۔ برہن ممبئی مجلس بلدیہ نے بھکتوں سے اپیل کی تھی کہ بلدیہ کے عہدیداروں کو جب بھی ضرورت ہو مدد کیلئے اطلاع دیںاور اگر اُنھیں جیلی فش یا اسٹنگرے کاٹ لے تو اُس کی بھی اطلاع دی جائے۔ پولیس نے صیانتی انتظامات میں شدت پیدا کردی تھی ۔ ریاستی ریزرو پولیس فورس بھی تعینات کی گئی تھی ۔ کرین ، نگرانی کے مینار ، ڈرون طیارے، سی سی ٹی وی اور فلڈ لائیٹس کا انتظامات کیا گیا تھا تاکہ جشن منانے والوں اور بھکتوں کی ہر حرکت پر نظر رکھی جائے ۔ کئی بھکت کولی ڈانس کررہے تھے ۔ یہ مچھیروں کا روایتی رقص ہوتا ہے ۔ لال باگچہ راجہ پنڈال وسطی ممبئی میں واقع ہے اور نمرجن کے جلوس کا آغاز یہاں کی مورتی کے نمرجن سے ہی ہوتا ہے ۔ گنیش تہوار کاآغاز 25 اگسٹ کو لاکھوں بھکتوں کیلئے پرکشش مورتیوں سے ہوا تھا اور اس کا اختتام اننت چتردشی یعنی آج ہورہاہے ۔ ممبئی میں مجاہد آزادی بال گنگا دھر تلک نے عوام کا شعور بیدار کرنے کے مقصد سے گنیش جلوس کاآغاز کیا تھا ۔