ممبئی 3 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا انتخابات میں زبردست ہزیمت کا سامنا کرنے والی این سی پی نے آج کہا کہ وہ سارے مہاراشٹرا میں ریلیوں کا اہتمام کر رہی ہے تاکہ ریاست میں مجوزہ اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی کارکنوں میں نیا جوش و جذبہ پیدا کیا جاسکے ۔ این سی پی کے مہاراشٹرا یونٹ کے سربراہ سنیل ٹٹکارے نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ریلیوں کا اہتمام کر رہے ہیں اور ہمارے پارٹی کارکنوں کے ساتھ سارے مہاراشٹرا میں اجلاس منعقد کر رہے ہیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی کی جاسکے اور یہ کارکن اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو کامیابی دلانے جوشو جذبہ کے ساتھ کام کرسکیں۔
شرد پوار کی قیادت والی اس پارٹی نے یکم جولائی کو تھانے ضلع میں پلگھار کے مقام پر ایک ریلی کا اہتمام کیا تھا جبکہ دوسری ریلی کل 4 جولائی کو احمد نگر میں ہونے والی ہے ۔ اسی طرح کی ریلی تھانے میں 5 جولائی کو کلیان ۔ دومبی ویلی علاقہ میں منعقد کی جائیگی ۔ جلگاؤں میں 6 جولائی کو ایک ریلی منعقد ہونے والی ہے ۔ مسٹر تتکارے نے کہا کہ گذشتہ دس سال میں این سی پی ۔ کانگریس حکومت کی کامیابیوں کے تعلق سے عوام کو واقف کروانے کے مقصد سے یہ ریلیاں منعقد کی جارہی ہیں اور عوام سے رابطہ کیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ان ریلیوں کے دوران ہر سطح کے ورکرس سے ملاقاتیں کی جائیں گی تاکہ اسمبلی انتخابات میں جوش و جذبہ کے ساتھ مقابلہ کرنے کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی پارٹی اور ریاستی حکومت کی کامیابیوں کو عوام تک پہونچائیں گے ۔ ہم پارٹی ورکرس کے مابین صحت مندانہ تبادلہ خیال کی حوصلہ افزائی کرینگے تاکہ ان کے حوصلے بلند ہوں اور وہ پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے کام کرسکیں۔ تتکارے کے بموجب ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر اجیت پوار تمام ریلیوں میں شرکت کرینگے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مسٹر تتکارے نے کہا کہ عوام کو اب پتہ چلے گا کہ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران جو وعدے کئے ہیں ان پر عمل آوری مشکل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے مسلسل کہا تھا کہ عوام کیلئے اچھے دن آنے والے ہیں ۔ کیا یہی وہ اچھے دن ہیں ؟۔ اقتدار پر آنے کے بعد بی جے پی نے پٹرول اورڈیزل کی قیمتوںمیں اضافہ کردیا ۔ ریل کرائے بڑھا دئے گئے اور گیس کی قیمتیں بھی بڑھائی جا رہی ہیں۔ ترکاریاں تک مہینگی ہوگئی ہیں۔ عوام کو یہ احساس ہو رہا ہے کہ مودی نے جو وعدے کئے تھے انہیں پورا نہیں کیا جاسکتا ۔