پونے ۔ /9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مسلمانوں کی بڑی تعداد نے سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی شعبوں میں 5 فیصد تحفظات دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک خاموش مارچ نکالا ۔ آج ضلع پونے کے مقام گولی مار میدان سے خاموش مارچ نکالتے ہوئے مسلمانوں کی بڑی تعداد نے کلکٹر نول کشور رام کو یادداشت پیش کی ۔ 2014 ء میں مہاراشٹرا کی کانگریس این سی پی حکومت نے 50 مسلم طبقات کو 5 فیصد تحفظات فراہم کرنے کیلئے ایک آرڈیننس جاری کیا تھا لیکن اس آرڈیننس پر ممبئی ہائیکورٹ کی اجازت کے باوجود عمل میں آوری نہیں ہوئی ۔ ہائیکورٹ نے تعلیمی شعبوں میں مسلمانوں کیلئے کوٹہ کی اجازت دے دی تھی ۔ احتجاج میں حصہ لینے والے انجم انعام دار نے کہا کہ حکومت نے مسلمانوں کو تحفظات سے محروم رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس آرڈیننس کو قانون میں تبدیل کیا جانا چاہئیے اور ریاستی مسلم طبقہ کو تحفظات فراہم کی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے گاؤ رکھشکوں کی جانب سے مسلمانوں کو ہلاک کرنے کے خلاف بھی احتجاج کیا اور کہا کہ ان گاؤ رکھشکوں کو سزائے موت دی جانی چاہئیے ۔