ممبئی 31 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس نے کہا کہ سرکاری ملازمین کیلئے پانچ دن کا ہفتہ کرنے اور سبکدوشی کی عمر 60 سال کرنے کی تجویز پر سرگرمی سے غور کیا جا رہا ہے ۔ چیف منسٹر نے گزیٹیڈ آفیسرس فیڈریشن کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران یہ بات کہی ۔ وفد نے ان سے ملاقات کرکے مہاراشٹرا ریاستی حکومت کے ملازمین ‘ عہدیداروں وغیرہ کے مطالبات پر تبادلہ خیال کیا ۔ فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر نے وفد سے کہا کہ ان کی حکومت پانچ دن کا ہفتہ کرنے اور سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کرکے 60 سال کردینے کی تجویز پر سرگرمی سے غور کر رہی ہے ۔ بیان میں فرنویس کا یہ کہتے ہوئے بھی حوالہ دیا گیا کہ ریاستی ملازمین کو مرکزی ملازمین کے مساوی مہنگائی بھتہ جاری کرنا بھی ریاستی حکومت کا وعدہ ہے ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ سرکاری ملازمین کو کسی انکوائری کے بغیر معطل کرنے سے بھی گریز کیا جائیگا ۔