مہاراشٹرا میں مسلمانوں کو تحفظات کے فیصلہ کا خیرمقدم

نئی دہلی 27 جون (فیاکس) شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میں مسلمانوں سے اپیل کی کہ ماہ مبارک رمضان کا استقبال روزوں اور تراویح کے ساتھ کریں اور اس مہینے میں ہر طرح کی نیکیوں کا اہتمام کرتے ہوئے ریاکاری سے بچیں۔ اُنھوں نے کہاکہ 28 جون بروز ہفتہ 29 شعبان ہے لہذا چاند دیکھنے کا اہتمام کریں اور فتح پوری قدیم رویت ہلال کمیٹی کے روبرو مسجد فتح پوری میں شہادت پیش کریں۔ مولانا نے کہاکہ مفتی اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے زمانہ سے فتح پوری رویت ہلال کمیٹی ذمہ داری کے ساتھ اپنا فرض ادا کررہی ہے۔

شاہی امام نے وزیراعظم اور مرکزی حکومت و ریاستی حکومتوں کے وزراء اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک میں ہر طرح کی سہولیات فراہم کریں اور دن اور رات میں مسلمانوں کو تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ روزوں اور تراویح کو عبادت کے ماحول میں بے فکری کے ساتھ ادا کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان کے مسلمانوں کو پسماندگی کی بنیاد پر تحفظات کی ضرورت ہے اور بی جے پی کو اس معاملہ میں حالات کا جائزہ لے کر مسلمانوں کو تحفظات دینے کی منظوری دینی چاہئے۔ حکومت مہاراشٹرا نے مسلمانوں کو 5 فیصد تحفظات دینے کی بات کہی ہے۔ یہ ایک اچھا فیصلہ ہے اور اس پر عمل ہونا چاہئے۔ شاہی امام نے اسلامی حکومتوں اور بین الاقوامی برادری سے بھی اپیل کی کہ رمضان المبارک میں تشدد کا راستہ چھوڑ دیا جائے اور معصوموں پر حملوں یا جنگ کا ماحول ختم ہونا چاہئے۔ یہ روزوں، تراویح ، ہمدردی اور حسن سلوک کا مہینہ ہے، اس کا احترام سب کو کرنا چاہئے۔