مہاراشٹرا میں مسلمانوں و مراٹھوں کو تحفظات کی فراہمی

ممبئی 5 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) بمبئی ہائیکورٹ نے تعلیمی اداروں اور ملازمتوں میں مسلمانوں اور مراٹھی افراد کو تحفظات فراہم کرنے حکومت کی ایک حالیہ قرار داد کو چیلنج کرنے والی مفاد عامہ کی درخواستوں پر 19 اگسٹ تک جواب داخل کرنے کی حکومت مہاراشٹرا کو ہدایت دی ہے۔ یہ درخواستیں عدالت میں داخل کرتے ہوئے مسلمانوں اور مراٹھی عوام کو تعلیمی اداروں اور روزگار میں تحفظات فراہم کرنے حکومت کی قرار داد کو چیلنج کیا گیا ہے ۔

جسٹس ابھئے اوکا کی قیادت والی ایک بنچ نے حکومت مہاراشٹرا کو یہ ہدایت دی اور درخواست گذاروں سے بھی کہا کہ اگر وہ مزید کوئی بات اپنی درخواست میں شامل کرنا چاہتے ہیں تو 22 اگسٹ سے قبل کرلیں۔ اس مسئلہ پر عدالت نے آئندہ سماعت 26 اگسٹ کو مقرر کی ہے ۔ کانگریس ۔ این سی پی مہاراشٹرا حکومت نے ماہ جون میں فیصلہ کرتے ہوئے مسلمانوں کو 5 فیصد اور مراٹھی عوام کو 16 فیصد تک تعلیمی اداروں اور روزگار کے مواقع میں تحفظات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔