مہاراشٹرا میں ریاستی سطح کے ’آدرش شکشک ایوارڈ‘ کا اعلان

اورنگ آباد: 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بے لوث اور پرخلوص طریقے سے سماج کی خدمت نیز تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی انجام دینے والے 108 اساتذہ کے لیے حکومت مہاراشٹرا نے ریاستی سطح پر ‘ آدرش شکشک ‘ ایوارڈ کا اعلان کیاہے ۔ان میں جملہ 6 مسلم اساتذہ شامل ہیں، جبکہ علاقہ مراٹھواڑہ کے 8 اضلاع کے جملہ 21 اساتذہ کا انتخاب عمل میں آیا ہے ۔ ان 108 اساتذہ میں قاضی نصیرالدین صفی الدین( پالم تعلقہ۔ ضلع پربھنی)، پٹھان نور خان محمود خان ( گڑھ چرولی )، شیخ یوسف غفور صاحب ( شولاپور)، شیخ محمد وقعی الدین( اردھاپور ضلع ناندیڑ) اور شیخ وکیل احمد محمد شفیع ( گڑھ چرولی ) اور ساوتری بائی پھلے ایوارڈ کے لیے ملانی نور جہاں سمیر (کولہا پور ) شامل ہیں۔ سال 2017-2018 کے لیے شہری اور ادیواسی علاقوں سے تعلق رکھنے والے پرائمری اسکول اساتذہ، ہائی اسکول اساتذہ، اور خصوصی اساتذہ (اسپشل ٹیچرس ) زمرے کے تحت کھیل، آرٹس، اسکاوٹ، گائیڈ اور معذور اساتذہ کے لیے ریاست مہاراشٹرا میں 100 اساتذہ کو ریاستی سطح کے ‘ آدرش شکشک ‘ ایوارڈ سے سرفراز کئے جانے کا اعلان کیا گیاہے ۔اس کے علاوہ ‘ ساوتری بائی پھُلے ادرش شکشیکا ‘ ایوارڈ کے لیے ریاست میں 8 خواتین اساتذہ کے ناموں کا بھی اعلان کیا گیا ہے ۔ اس طرح حکومت مہاراشٹرا کی جانب سے جملہ 108 اساتذہ اس باوقار ایوارڈ کو حاصل کریں گے ، ان اساتذہ کو یہ ایوارڈ 5 ستمبر 2018 کو یوم اساتذہ کے موقع پر دیاجائے گا۔ اس ایوارڈ کے لیے اساتذہ کا انتخاب کرنے کے لیے ریاستی حکومت نے جولائی 2018 میں ایک کمیٹی تشکیل دی تھی، جس کی سفارش پر ان اساتذہ کا انتخاب عمل میں آیا۔ واضح رہے ریاستی سطح کا یہ ایوارڈ 1962 -1963 سے دیا جاتا ہے ،جس میں پہلے دس ہزا ر روپیے نقد اور سرٹیفکٹ دیا جاتا تھا، 2014 سے اس رقم کو بڑھا کر ایک لاکھ کر دیا گیا ہے ۔ مراٹھواڑ میں جملہ 21 اساتذہ کو اس پر ‘ آدرش شکشک ‘ کے لیے منتخب کیا گیا ہے ، جس میں بیڑ میں 4، اورنگ آباد میں 3 ، عثمان آباد میں 3، ناندیڑ میں 3، اور جالنہ 2، پربھنی 2، لاتور 2 ، ہنگولی 2، اس طرح جملہ 21 اساتذہ شامل ہیں۔ سال 2017-2018 کے لیے 38 پرائمری اسکول اساتذہ ، 39ہائی اسکول اساتذہ، اور خصوصی اساتذہ (اسپشل ٹیچرس ) زمرے میں کھیل، آرٹس، اسکاوٹ، گائیڈ اور معذور ایک ایک اس طرح 100 اساتذہ کا انتخاب کیا گیا۔ جبکہ ‘ساوتری بائی پھُلے ادرش شکشیکا ‘ ایوارڈ کے لیے ، ممبئی، پونا، ناسک، کولہاپور، بیڑ ، عثمان آباد، چندر پور اور امراوتی اضلاع کی ایک ایک خاتون ٹیچر کا انتخاب عمل میں آیا ہے ۔

یو پی کے شیلٹرس ہوم میں
کیمرے نصب کرنے کی ہدایت
الہ آباد۔29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) یو پی کے ضلع دیوریا کے بہبود اطفال و نسواں (شیلٹر ہوم) میں جنسی زیادتی کے واقعات سامنے آنے کے بعد الہ آباد ہائی کورٹ نے ریاست کے تمام شیلٹر ہومس میں حفاظتی انتظام کرنے کی ہدایت دی ہے۔ جسٹس بی بھونسلے اور جسٹس یشونت ورما کی بنچ نے حکومت کو حکم دیا ہے کہ وہ تمام شیلٹر ہومس میں جلد سے جلد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرائے۔ خانگی اداروں کے ذریعہ چلائے جانے والے اداروں میں بھی اپنے خرچ پر کیمرے لگانے ہوں گے۔ خلاف ورزی پر لائسنس منسوخ کیا جائیگا۔