ممبئی۔ 25 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے انسداد دہشت گرد اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے جو اس ریاست میں اسلحہ کے بھاری ذخیرہ کی ضبطی کی تحقیقات کررہا ہے، گھاٹ کوپر سے مزید ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ 30 سالہ اویناش پوار کو کل رات گرفتار کیا گیا جس کو آج عدالت میں پیش کیا جارہا ہے۔ اے ٹی ایس کے مطابق پوار بھی وائبھو راوت، شرد گلاسکو، سدمانوا گوندھاکید اور سریکانت پانگارکر کے ساتھ اس ریاست میں دھماکے کرنے کی سازش میں ملوث تھا۔ اس کے مذکورہ ساتھیوں کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے جس کے بعد ہی پوار کے نام کا پتہ چلا۔ عہدیدار نے کہا کہ ’’پوار کو دھماکو مواد سے متعلق قانون کی دفعات 4 اور 5 کے علاوہ دفعہ 9 (بی)، ہندوستانی تعزیری قانون مجرمانہ سازش کی دفاع 120 (بی) اور دیگر دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ اے ٹی ایس نے 10 گست کو 40 سالہ راوت کو گرفتار کیا تھا جو ہندو گو ونش رکھشا ممبئی تنظیم چلاتا ہے۔ یہ ضلع پال گھر کے نلاسو پارہ میں گائے کے تحفظ سے متعلقہ ایک چھوٹی اور غیرمعروف تنظیم ہے۔بعدازاں اضلاع پال گھر اور پونے میں دھاؤں کے بعد اے ٹی ایس نے 25 سالہ کلاسکر، 39 سالہ گونڈھالیکر کو گرفتار کیا تھا۔ جالنہ میں شیوسینا کے سابق کارپوریٹر پان گارکر کو 19 اگست کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اے ٹی ایس نے 20 خام بموں، 2 بارودی چھڑیوں، 4 الیکٹرانک اور 22% الیکٹرانک ڈیٹونیٹرس، 150 گرام بارودی پاؤڈر اور کچھ دوسرا مواد بھی برآمد کیا تھا جو ریاست کے مختلف مقامات پر دھماکوں کیلئے استعمال کیا جاسکتا تھا۔