مہاراشٹرا میں بڑے جانور کے گوشت پر امتناع کو چیلنج ، ہائیکورٹ میں درخواست داخل

ممبئی ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں جانوروں کے تحفظ (ترمیمی) قانون جس کے تحت ریاست کے باہر بھی گائے، نرگاؤ اور کھلگوں کے ذبیحہ، گوشت کو اپنے قبضہ میں رکھنے یا پھر استعمال پر امتناع عائد کیا گیا ہے۔ ریاست کے ایک سینئر وکیل نے چیلنج کرتے ہوئے مفاد عامہ کی ایک درخواست دائر کی ہے۔ سینئر وکیل ہریش جگتیانی کی طرف سے دائر کردہ مفاد عامہ کی ایک درخواست جسٹس وی ایم کناڈے اور جسٹس اے آر جوشی کے اجلاس پر پیش کی گئی ہے اور 6 اپریل کو اس پر سماعت ہوگی۔ جب ممبئی کے ایک شہری عارف کپاڈیہ کی طرف سے دائر کردہ ایسی ایک درخواست پر بھی سماعت کی جائے گی۔ عارف کپاڈیہ کی درخواست کی طرح جگتیانی نے بھی اپنی درخواست میں اس قانون کی دفعہ 5(d) کو چیلنج کیا ہے جس کے تحت گائے ، بیلوں اور کھلگوں کے گوشت کو قبضہ میں رکھنے اور ان کے استعمال پر امتناع عائد کی گئی ہے جس کا اطلاق حتیٰ کہ ریاست کے باہر ذبح کئے جانے والے مویشیوں پر بھی ہوتا ہے۔

ایوت محل میں خواتین کا
مخالف شراب جلوس
ایوت محل (مہاراشٹرا) ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کئی خواتین جو ضلع کے مختلف دیہاتوں سے تعلق رکھتی تھیں، ایک جلوس کی شکل میں آزاد میدان پہونچیں گی تاکہ 20 اپریل کو کلکٹر کو ایک یادداشت پیش کی جائے۔ سماجی کارکن سنگیتا پوار نے حکومت مہاراشٹرا کے پڑوسی ضلع چندراپور کو شراب سے پاک قرار دینے کے فیصلہ کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ یہ خواتین گروپس کی طویل جدوجہد اور کوشش کا نتیجہ ہے جو ضلع میں شراب کی فروخت پر امتناع عائد کرنے کا مطالبہ کررہا تھا۔