ممبئی۔27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی صدر شرد پوار اور مایاوتی، صدر بہوجن سماج پارٹی کی آج دہلی میں ملاقات ہوئی اور اس ملاقات کا مقصد 2019ء میں ہونے والے انتخابات میں دونوں پارٹیوں کے درمیان مہاراشٹرا میں اتحاد کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔ اس ملاقات میں مایاوتی کے قریبی ساتھی ستیش چندر مشرا بھی شامل تھے۔ راجیہ سبھا ایم پی شرد پوار نے اپنے ٹوئٹر پر لکھا کہ دونوں کے درمیان یہ ملاقات بہت ہی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ بی ایس پی نے حالانکہ اس ملاقات پر خاموشی اختیار کی ہے لیکن پارٹی کے ایک سینئر لیڈر کا بیان ہے کہ اس میٹنگ کے دوران تعلقات کے سکوت کو توڑا گیا۔ اس سے قبل مایاوتی نے این سی پی کا دوستی ہاتھ کو تسلیم نہیں کیا تھا لیکن ذرائع کے مطابق اس وقت حالات مختلف ہیں اور دونوں پارٹیوں نے 2019ء کے ا نتخابات کے ضمن میں مہاراشٹرا میں عظیم تر اتحاد تشکیل دینے کے خواہاں ہے۔ ریپبلکن پارٹی آف انڈیا کے صدر رام داس اٹھاولے اس سے قبل مہاراشٹرا میں این سی پی کے حلیف رہے ہیں لیکن صورتحال مختلف ہے جہاں پر اب آر بی آئی کا تعلق بی جے پی سے جڑچکا ہے۔ جہاں پر کمزور طبقات کا اچھا خاصا اثر و رسوخ موجود ہے۔ مہاراشٹرا کے ودربھا علاقہ میں بی ایس پی کا اچھا خاصا اثر رسوخ پایا جاتا ہے جبکہ این سی پی کے ایم ایل ایز تین ریاستوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ مہاراشٹرا سے چار اور لکشدیپ اور بہار سے ایک ایک ممبر آف پارلیمنٹ منتحب ہوا ہے۔