ممبئی۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) یوم جمہوریہ سے قبل ملک گیر سطح پر جاری کارروائی کے دوران مہاراشٹرا انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے ریاست میں 2 افراد کو آئی ایس سے روابط کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ممبئی اور اورنگ آباد میں دو گرفتاریاں عمل میں آئیں جن کی حسین خان اور عمران پٹھان کی حیثیت سے شناخت کی گئی۔ ان دونوں کو این آئی اے کے حوالے کیا گیا ہے۔ اے ٹی ایس کے عہدیدار نے کہا کہ حسین خان کو کل جنوبی ممبئی میں مَز گاؤں اور عمران پٹھان کو آج صبح ضلع اورنگ آباد میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ دونوں مبینہ طور پر عوام کا آئی ایس میں تقررکرانے میں ملوث تھے۔ انہوں نے اس ضمن میں مزید تفصیلات بتانے سے انکار کیا۔ اس دوران این آئی اے کورٹ نے حسین خان کو 3 دن کیلئے ٹرانزٹ ریمانڈ میں دے دیا۔ اے ٹی ایس کے ایک عہدیدار نے کہا کہ مزید گرفتاریوں کا امکان ہے اور این آئی اے اس مقدمہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ ملک بھر میں یوم جمہوریہ کے پیش نظر سخت سکیورٹی انتظامات کئے جارہے ہیں۔