ممبئی 15 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت مہاراشٹرا ریاست میں عوامی نظام تقسیم کو بہتر بنانے راشن کارڈز کو آدھار نمبرس سے مربوط کرنے کی تجویز پر غور کر رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مراعات مستحق افراد تک پہونچانے کو یقینی بنانے اس منصوبہ کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ ریاست کے فوڈ و سیول سپلائز سکریٹری دیپک کپور نے بتایا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت فوڈ سکیوریٹی اسکیم کے تعلق سے پرجوش ہے ۔ اس کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے بھی اس اسکیم کو مہاراشٹرا میں جاری رکھنے میں دلچسپی دکھائی ہے اور وہ اس اسکیم میں نقائص کو دور کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی کابینہ نے انتظامیہ سے کہا کہ وہ فوڈ سکیوریٹی اسکیم پر ایک رپورٹ تیار کرے ۔ یہ اسکیم سابقہ یو پی اے حکومت نے شروع کی تھی ۔ اب ریاستی حکومت راشن کارڈز کو آدھار سے مربوط کرنے کی تجویز رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کی جانب سے حکومت کو تین حصوں پر مشتمل رپورٹ حوالے کی جائیگی ۔ سب سے پہلے موجودہ صورتحال سے واقف کروایا جائیگا اس کے بعد معاشی موقف کو اجاگر کیا جایئگا ۔
اس کے بعد عہدیداروں کی تجاویز کو شامل کیا جایئگا ۔ ان تمام کا جائزہ لینے کے بعد ریاستی کابینہ اس تعلق سے کوئی قطعی فیصلہ کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کو یہ تجویز پیش کرینگے کہ راشن کارڈز کو آدھار سے مربوط کردیا جائے تاکہ حقیقی مستحق افراد کو اس سے فائدہ ہوسکے ۔ علاوہ ازیں ایسا کرنے سے درمیانی آدمی کارول بھی ختم ہوجائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال مہاراشٹرا میں سات کروڑ کے لگ بھگ افراد خط غربت سے نچلی زندگی گذار رہے ہیں جبکہ 1.8 کروڑ افراد خط غربت سے اونچی زندگی گذار رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے پہلے ہی 2.32 کروڑ راشن کارڈز کو ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے ۔ ڈائرکٹر انفارمیشن و ٹکنالوجی محکمہ وریندر سنگھ نے کہا کہ انتظامیہ آدھار نمبرس کو راشن کارڈز سے کسی بھی وقت مربوط کرنے کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاحال ریاست میں 9.3 کروڑ افراد نے آدھار کارڈز کیلئے درخواستیں دی ہیں اور 8.6 کروڑ افراد کو کارڈز جاری کردئے گئے ہیں۔