ممبئی ، 2 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا مقننہ کے دونوں ایوان میں کانگریس۔ این سی پی اپوزیشن نے آج مطالبہ کیا کہ اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے وائس چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر رادھے شیام موپلوار کو بعض آڈیو کلپس کے تناظر میں برخاست کردیا جائے، جن میں ان کو کسی پلاٹ کیلئے معاملت ’’فکس‘‘ کرتے سنا گیا ہے۔ قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن ارکان نے نعرے بازی کرتے ہوئے وزیر امکنہ پرکاش مہتا کی برطرفی کا مطالبہ بھی کیا، جنھوں نے چیف منسٹر دیویندر فرنویس سے مشاورت کئے بغیر شہر کے ایک پراجکٹ کو ڈیولپمنٹ رائٹس منتقل کردیئے۔ فرنویس نے دونوں ایوان کو تیقن دیا کہ عہدہ دار ِ موصوف کی مبینہ غلط کاریوں کی انکوائری کی جائے گی اور خاطی پائے جانے پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
دہلی ایرپورٹ میں بم کی خبر سے سنسنی جانچ پر آٹو پارٹس کی تصدیق
نئی دہلی ، 2 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) بم اسکواڈز اور سراغرساں کتوں کے ساتھ ٹیموں کو آج دہلی ایرپورٹ کے کارگو والے گوشے میں برآمد مشتبہ سامان کی جانچ کیلئے فوری طلب کیا گیا، جسے بعد میں بے ضرر قرار دیا گیا اور معلوم ہوا کہ وہ تو بس چند آٹو اسپیئر پارٹس ہیں۔ سی آئی ایس ایف ڈائریکٹر جنرل او پی سنگھ نے کہا کہ مشتبہ چیز کو محفوظ قرار دیا گیا اور پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔ ایرپورٹ سکیورٹی سے وابستہ عہدیداروں نے کہا کہ کارگو ایریا میں ماروتی کے پُرزوں والی کھیپ کے ایکس رے امیج میں کچھ مشتبہ سامان دیکھا گیا ہے۔ تاہم، جانچ کے بعد یہ سامان محفوظ قرار دیا گیا، جسے دہلی۔ گوا وِستارا فلائٹ میں رکھتے وقت تشویش پیدا ہوئی تھی۔