ممبئی ۔30 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایسے وقت جبکہ ریاستی خزانہ قرض کے بوجھ تلے مشکلات سے دوچار ہے ، حکومت مہاراشٹرا نے عہدیداروں پر سال میں تین بیرونی سفر کی حد لاگو کردینے کا فیصلہ کیاہے ۔ محکمہ عمومی نظم و نسق ( جی اے ڈی ) کے جاری کردہ حکمنامہ کے مطابق بیرونی سفروں کی اجازت اُسی وقت دی جائے گی جب ریاست کو ایسے ٹورس سے معقول فائدہ نظر آئے ۔ ریاستی حکومت کے جاری کردہ احکام میں بیان کیا گیا کہ ہر ٹور کیلئے مقررہ دنوں کی تعداد 15 یوم سے متجاوز نہ ہوگی اور ہر سفر کیلئے چیف منسٹر کی منظوری درکار ہوگی ۔ مزید یہ کہ کوئی عہدیدار جو بیرون ملک سفر کرنا چاہئے ، اُسے مجوزہ ٹور کی نوعیت کے بارے میں تفصیلات ، ممکنہ وفد میں شامل عہدیداروں کی تعداد ، ٹور کے مقام ، وہ اشخاص جن سے ملاقات کا پروگرام ہے اور ٹور کے دوران قیام کی تفصیلات وغیرہ پیش کرنی ہوگی ۔