رائے پور 5 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چھتیس گڑھ میں سکیوریٹی اہلکاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ مہاراشٹرا کی سرحد سے ملنے والے علاقوں میں ماؤیسٹوں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھیں ۔ مہاراشٹرا میں 15 اکٹوبر کو اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ مہاراشٹرا سے ملنے والے انتہائی حساس ضلع گڈچیرولی کے علاوہ راج نندن گاؤں ‘ بیجا پور ‘ نارائن پور اور کنکیر اضلاع اور خاص طور پر ابھوج مر علاقہ میںسخت چوکسی برتی جا رہی ہے ۔ کنکیر کے سپرنٹنڈنٹ پولیس آر این داش نے بتایا کہ ہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ ہم مہاراشٹرا کے پولیس عہدیداروں سے بھی رابطے میں ہیں تاکہ اس علاقہ میں سکیوریٹی کو یقینی بنایا جائے ۔
آر ایس ایس سربراہ کی تقریر کا نشریہ : چینائی میں دور درشن کے روبرو مظاہرہ
چینائی 5 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ٹاملناڈو توحید جماعت کے تقریبا 500 کارکنوں نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کی تقریر کے دور درشن سے راست ٹیلی کاسٹ کے خلاف چینائی میں دور درشن کے روبرو زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔