ممبئی۔/13مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت مہاراشٹرا نے آج کہا ہے کہ کسانوں کی جانب سے خانگی فینانسروں ( ساہوکاروں ) سے حاصل کردہ قرضے معاف کردینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے قانون ساز کونسل میں بتایا کہ مختلف وجوہات کی بناء قرضوں کی معافی میں تاخیر ہوگئی ہے لیکن دیر آید درست آید کے مصداق ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ایسی رقومات جو کہ نہ صرف کسانوں نے راست حاصل کی ہوں بلکہ ان کی بیویوں، بیٹیوں، غیر شادی شدہ دختران ، بھائیوں اور بہنوں کے نام حاصل کئے گئے ہوں معاف کردیئے جائیں گے اور خاندان میں کسی ایک کو بھی سرکاری ملازمت حاصل نہ ہو تو انہیں روزگار فراہم کیا جائے گا
اور حکومت کے اس فیصلہ سے تقریباً دو تا ڈھائی لاکھ کسانوں کو فائدہ ہوگا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ پائیلٹ پراجکٹ کی بناء پر حکومت نے 10,000 سولار واٹر پمپس نصب کردیئے ہیں اور مزید 5لاکھ پمپ سیٹس کی تنصیب کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے یہ تیقن دیا کہ میونسپل کارپوریشن آف گریٹر ممبئی کی جانب سے مراٹھی بولنے والوں کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ممبئی میونسپل کارپوریشن پر بی جے پی۔ شیوسینا برسر اقتدار رہیگی مراٹھی بولنے والے عوام اور سلم بستیوں میں رہنے والوں کی دیکھ بھال کرتی رہے گی اور انہیں خوفزدہ ہونے کی چنداں ضرورت نہیں ہے۔ ریور ریگولیشن زون پالیسی جس کے تحت ندیوں کے قریب 2کلو میٹر فاصلہ تک صنعتوں کے قیام کی اجازت نہیں رہے گی، تنسیخ کی مدافعت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیشتر ندیوں کی آلودگی کی وجہ بلدی کوڑا کرکٹ ہے جسے لاکر یہاں پھینک دیا جاتا ہے۔
مذکورہ پالیسی کی تنسیخ کیلئے حکومت کے فیصلہ پر بعض گوشوں سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ 90فیصد دریاؤں کی آلودگی کی وجہ بلدیات کے کوڑا کرکٹ اور 5فیصد صنعتی مادے ہیں جبکہ مذکورہ پالیسی مرکزی حکومت کی ماحولیاتی پالیسی سے متضاد ہے لہذا اسے منسوخ کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ دریاؤں کے قریب صنعتوں کے قیام کیلئے مرکزی پالیسی کے تحت اراضی کی منظوری ماحولیات کی منظوری اور دیگر اجازت ضروری ہیں۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ ممبئی میں بحر عرب کے ساحل پر کنگ شیواجی کا بلند قامت مجسمہ تعمیر کرنے کے عہد پر حکومت قائم ہے جبکہ شہر میں بال ٹھاکرے کی یادگار قائم کرنے کیلئے اراضی کی نشاندہی کی کوشش جاری ہے اور اس خصوص میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو کہ مناسب اراضی کے انتخاب کیلئے سفارش کرے گی۔