مہاراشٹرا حکومت کا خط اعتماد قانونی : جاوڈیکر

حیدرآباد 13 نومبر ( پی ٹی آئی ) یہ واضح کرتے ہوئے کہ جس طرح سے مہاراشٹرا میں بی جے پی زیر قیادت حکومت نے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا ہے وہ بالکلیہ قانونی ہے سینئر بی جے پی لیڈر و مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ حکومت ویسے بھی کامیابی حاصل کرنے کے موقف میں تھی ۔ جاوڈیکر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹرا میں جو کچھ ہوا ہے جہاں تک نئی حکومت کے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کا سوال ہے وہ سب کچھ قانونی تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ 12 سال تک قانون ساز کونسل کے رکن تھے جاودیکر نے کہا کہ اگر کوئی وقت کے اندر رائے دہی کا مطالبہ نہیں کرتا ہے تو پھر ایوان کے صدر کو رولنگ دینے کا اختیار ہوتا ہے جو قطعی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا پہلی بار نہںے ہوا ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ اگر کوئی بروقت رائے دہی کا مطالبہ بھی کرتا تو بی جے پی حکومت اپنی بقا کو یقینی بنانے کے موقف میں تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کسی بھی جماعت نے حکومت سازی کی مخالفت نہیں کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر کے زخمی ہونے کا واقعہ سنگین اور نا قابل قبول ہے ۔