نئی دہلی 9 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر مہاراشٹرا مسٹر پرتھوی راج چاوان نے مہاراشٹرا میں جاریہ برقی بحران پر قابو پانے وزیر اعظم نریندر مودی سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔ وزیر اعظم کے نام ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے مسٹر چاوان نے فیول کی عدم دستیابی اور قوانین میں تبدیلی سے درپیش چیلنجس اور خانگی برقی پیدا کرنے والوں سے ہونے والے مسائل کا تذکرہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ان وجوہات کی بنا پر ریاست میں مسلسل لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں گنیش چتورتھی تہوار کے موقع پر یہ صورتحال اور بھی بگڑ گئی تھی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے گذشتہ دو سال سے اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اس نے مرکزی وزیر برقی مسٹر پیوش گوئل سے بھی رابطہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر برقی کے ساتھ گذشتہ ماہ ملاقات کے موقع پر یہ محسوس کیا گیا تھا کہ چونکہ یہ مسئلہ انتہائی شدید اور سنگین نوعیت کا ہے اس لئے اسے اعلی ترین سطح پر حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ مسٹر چاوان نے کہا کہ اسی طرح کا مسئلہ چار دوسری ریاستوں کو بھی درپیش ہے اور انہیں بھی مرکزی حکومت سے مشاورت کی ضرورت ہے ۔ تاہم مسٹر چاوان نے ان چار ریاستوں کے نام نہیں بتائے ۔ مسٹر چاوان نے وزیر اعظم سے خواہش کی کہ پانچ ریاستوں کے چیف منسٹروں کا اجلاس طلب کریں تاکہ اس مسئلہ کی یکسوئی ہوسکے ۔ واضح رہے کہ مہاراشٹرا میں ان دنوں برقی کی شدید قلت پائی جاتی ہے اور کئی شہروں میں مسلسل لوڈ شیڈنگ سے عوام پریشان ہیں۔ وزیر اعظم نے شولاپور میں ایک برقی سب اسٹیشن کا افتتاح انجام دیا تھا جس میں چیف منسٹر نے شرکت نہیں کی تھی ۔ چند دن قبل مرکزی حکومت نے برقی بحران سے نمٹنے میں مہاراشٹرا حکومت کی مدد کرنے کا تیقن بھی دیا تھا ۔
سی بی آئی ڈائریکٹر پر تنازعہ جیتندر سنگھ کا تبصرہ سے انکار
نئی دہلی۔9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر جیتندر سنگھ نے آج سی بی آئی ڈائریکٹر رنجیت سنہا سے ملاقاتوں کے بارے میں پیدا ہونے والے تنازعہ پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ مبینہ طور پر رنجیت سنہا نے بعض 2G اسکام اور کوئلہ بلاکس مختص کرنے کے اسکام کے ملزمین سے ربط پیدا کر رکھا تھا۔ وزیر مملکت برائے پرسونل نے اس سوال پر کہ کیا حکومت ،جاریہ تنازعہ میں کوئی مداخلت کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے ، انہوں نے جواب دیا کہ وہ اس سوال کا جواب دینا نہیں چاہتے۔ سپریم کورٹ نے 8 ستمبر کو رنجیت سنہا کو اندرون ایک ہفتہ جوابی حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے جبکہ مقدمہ کی سماعت 15 ستمبر کو مقرر ہے۔