مہاراشٹرا :اسکول کچن میں 60 زہریلے سانپ

اورنگ آباد۔ 14 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے ضلع ہنگولی کے ایک ضلع پریشد ہائی اسکول کے کچن میں 60 سے زائد انتہائی زہریلے ’’چڑگو سانپ‘‘ پائے گئے۔ مرہٹواڑہ علاقہ میں ضلع ہنگولی کے موضع پانگرہ بوکمارے میں واقع ضلع پریشد ہائی اسکول میں ایک ہی مقام پر کثیر تعداد میں انتہائی خطرناک اور زہریلے سانپوں کو دیکھنے کے بعد طلبہ اور ارکان عملہ میں خوف و دہشت کی لہر دوڑ گئی۔ ایک خاتون باورچی نے پکوان کیلئے استعمال کی جانے والی لکڑیوں کے قریب کل دوپہر 2 ’’چڑگو سانپوں‘‘ کو دیکھا اور جب وہ وہاں سے لکڑیاں اُٹھنے لگی۔ کچن میں مزید 58 سانپ پائے گئے۔ اسکول کے ہیڈماسٹر تریمباک بھوسلے نے کہا کہ ’’کئی سانپوں کی ایک ساتھ دیکھنے کے بعد ہم سب پریشان ہوگئے۔ کئی دیہاتی پتھروں اور لاٹھیوں کے ساتھ پہونچائے گئے تھے لیکن ہم نے انہیں سانپوں کو مارنے سے روک دیا۔ ایک سپیرے وکی دلال کو طلب کرلیا گیا جس نے دو گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد تمام سانپوں کو پکڑ کر بند کرلیا۔