مہاراشٹرا آبپاشی پراجیکٹس میں ہزاروں کروڑ کے اضافی اخراجات

ممبئی 14 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا میں جاری جملہ 601 آبپاشی پراجیکٹس میں 363 پراجیکٹس میں 47,427,10 کروڑ روپئے کے اخراجات اضافی ہوئے ہیں جبکہ 87 ٹسٹ چیک پراجیکٹس میں 83 میں تخمینہ سے جو اخراجات زیادہ ہوئے ہیں ان کی رقم 12,807.64 کروڑ روپئے ہے ۔ مہاراشٹرا اسمبلی میں پیش کردہ کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جملہ 601 آبپاشی پراجیکٹس میں 225 پراجیکٹس زائد از 15 سال سے زیر تکمیل ہیں ۔ ان میں 77 پراجیکٹس ایسے ہیں جو 30 سال سے زائد عرصہ سے مکمل نہیں کئے گئے ہیں۔ ٹسٹ ۔ چیک پراجیکٹس میں 16 پراجیکٹس ایسے ہیں جو 30 سال سے زیر التوا ہیں ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جملہ 601 پراجیکٹس میں 363 پراجیکٹس پر تخمینہ سے 47,427.10 کروڑ روپئے کا اضافی خرچ آیا ہے ۔

علاوہ ازیں 87 ٹسٹ ۔ چیک پراجیکٹس میں83 پر 12,807.64 کروڑ روپئے کا اضافی خرچ آیا ہے ۔ کمپٹرولر اینڈ آلایٹر جنرل کی رپورٹ مہاراشٹرا میں آبپاشی پراجیکٹس کی موجودہ کارکردگی اور مینجمنٹ پر تیار کی گئی ہے جو 2007 – 13 کے درمیان مدت کی ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جو آڈٹ کی گئی ہے اس میں صرف انفرادی آبپاشی پراجیکٹس کا ہی نہیں بلکہ پراجیکٹ سطح کی منصوبہ بندی ‘ ٹنڈرس کی اجرائی اور کنٹراکٹ مینجمنٹ جیسی تفصیلات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے اور پراجیکٹ پر عمل آوری سے متعلق معلومات حاصل کی گئی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 87 کے منجملہ 37 ٹسٹ چیک پراجیکٹس میں پراجیکٹ کا کام شروع ہونے سے قبل مکمل اراضی ( جنگلات کی اور سیول ) حاصل نہیں کی گئی تھی جس کے نتیجہ میں استفادہ کنندگان کو پراجیکٹس کے مفادات حاصل نہیں ہوئے ۔ ان پراجیکٹس پر 9,087.58 کروڑ روپئے کے اخراجات آئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈیم سائیٹس کے مناسب سروے کے بغیر آبپاشی پراجیکٹس کے تخمینے تیار کئے گئے تھے جس کے نتیجہ میں کام کے آرڈرس کی اجرائی کے بعد اصل ڈیزائین میں تبدیلی ہوئی ۔ کام شروع کرنے سے قبل مناسب سروے نہیں کئے گئے جن کے نتیجہ میں 2,099 کروڑ روپئے کے اضافی اخراجات ہوئے ہیں اور پھر کام کی تکمیل میں بھی تاخیر ہوئی ہے ۔