ممبئی ۔ 6 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) مبینہ دہشت گرد تنظیم انڈین مجاہدین کے معاون بانی یسین بھٹکل اور ان کے قریبی بااعتماد ساتھی اسد اللہ اختر کو مہاراشٹرا کی انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے 13 جولائی 2013 ء کے ممبئی دہشت گرد حملے کے سلسلہ میں گرفتار کرلیا۔ انہیں نئی دہلی سے ممبئی منتقل کیا گیا تھا۔ کل دہلی کی ایک عدالت نے مہاراشٹرا اے ٹی ایس کی درخواست قبول کرتے ہوئے بھٹکل اور اختر عرف تبریز کو اس کی تحویل میں دینے سے اتفاق کرلیا تھا۔ یہ لوگ مبینہ طور پر 2011 ء کے ممبئی دہشت گرد حملے میں ملوث تھے جس میں 20 افراد ہلاک اور 141 زخمی ہوگئے تھے۔ اے ٹی ایس نے تحقیقات کی تکمیل کیلئے ان سے تفتیش کرنے کے لئے انہیں تحویل میں دینے کی درخواست کی تھی۔ ان دونوں ملزموں کی گرفتاری کے ساتھ مقدمہ میں ملوث مشتبہ ملزمین کی جملہ تعداد 7 ہوگئی۔ ملزمین کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ قبل ازیں پانچ ملزموں کو گرفتار کیا گیا جاچکا ہے
اور ان پر قانون تعزیرات ہند اور سخت گیر قانون مکوکا کے تحت مقدمات قائم کئے گئے ہیں ۔ اس مقدمہ میں ریاض بھٹکل بھی مطلوب ہیں جو انڈین مجاہدین کا سرگرم کارکن ہے۔ وقاص ابراہیم سعد ، دبئی میں مقیم مظفر کولا اور تحسین اختر شیخ بھی پولیس کو مطلوب ہیں۔ ممبئی میں 13 جولائی 2011 ء کی شام تین طاقتور بم دھماکے ہوئے تھے جن سے 21 سے زائد افراد ہلاک اور 141 زخمی ہوئے تھے۔ قبل ازیں این آئی اے 40 دہشت گرد مقدموں میں مطلوب یسین بھٹکل کو بھی گرفتار کرچکی ہے۔ 33 سالہ بھٹکل پہلے سیمی سے وابستہ تھا اور اس پر شبہ کیا جارہا ہے کہ ’’ہندوستان کے خلاف جنگ چھیڑنے میں‘‘ وہ بھی ملوث تھا۔