مہاراشرا میں قانون ساز کونسل کے انتخابات

کانگریس کو 3 ، شیوسینا کو 2 نشستیں حاصل
ممبئی ۔ 30 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : مہاراشٹرا قانون ساز کونسل کے انتخابات میں بڑی سیاسی جماعتیں اپنی اپنی نشستوں پر واپس آگئی ہیں ۔ جس کے نتائج کا آج اعلان کیا گیا ۔ کانگریس نے 3 نشستیں ، شیوسینا نے 2 نشستیں جب کہ این سی پی ، بی جے پی اور آزاد امیدوار بالترتیب ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ قانون ساز کونسل میں مجالس مقامی سے نمائندگی کے لیے اتوار کو منعقدہ انتخابات میں 15 امیدواروں نے مقابلہ کیا تھا۔ کانگریس نے 3 نشستوں دھولے ، نندوربار اور کولھاپور میں اپنی کامیابی درج کروائی ہے جب کہ ممبئی میں ایک نشست پر نتائج روک دئیے گئے ہیں ۔ شیوسینا نے ممبئی اور اکولہ رواشیم پور میں اور بی جے پی ناگپور ایم ایل سی نشست پر کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ ممبئی میں ایم ایل سی سیٹ کے لیے شیوسینا امیدوار رام داس کڈم نے 8,600 ووٹ اور کانگریس کے اشوک عرف بھائی جگٹاپ نے 6400 ووٹ حاصل کئے ہیں ۔ اس نشست پر کانگریس امیدوار اشوک کو سابق این سی پی لیڈر اور آزاد امیدوار پرساد لڈسے سخت مقابلہ درپیش تھا کیوں کہ کانگریس کے 20 کارپوریٹرس نے دوسری جماعت کے امیدوار ( کراس ووٹنگ ) کو ووٹ دیا ۔

ممبئی میونسپل کارپوریشن میں 230 ارکان کے منجملہ شیوسینا اور بی جے پی کے 119 کارپوریٹرس ہیں جب کہ 27 دسمبر کو منعقدہ قانون ساز کونسل کے انتخابات میں 201 کارپوریٹرس نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ہے اور مابقی غیر حاضر رہے ۔ ناگپور میں بی جے پی کے گریش ویاس کو بلامقابلہ منتخب قرار دیا گیا ہے جہاں پر کوئی حریف امیدوار نہیں تھا ۔ دھولے ۔ نندوبار میں کانگریس ایم ایل سی امریش بھائی پٹیل 352 ووٹ حاصل کرتے ہوئے اپنا قبضہ برقرار رکھا ہے ۔ انہیں بی جے پی کے ڈاکٹر ششی کانت وانی سے زبردست چیلنج درپیش تھا ۔ کولھاپور میں سابق وزیر اور کانگریس امیدوار ستیج پاٹل نے موجودہ ایم ایل سی اور پارٹی کے باغی امیدوار مہادیو راؤ مہادیک کو شکست دیدی ہے پاٹل کو 220 ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ احمد نگر کے 4 رخی مقابلہ میں این سی پی کے موجودہ ایم ایل سی ارون جگٹاپ نے 243 ووٹوں سے کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ جہاں پر انہیں کانگریس کے باغی امیدوار جینت سسانے اور شیوسینا کے ششی کانت گاڈسے اور آزاد امیدوار مچندرا سوپیکر سے مقابلہ درپیش تھا ۔ اکولہ ، واشیم ، بلڈھانہ میں شیوسینا کے ایم ایل سی گوپی کشن بجوریہ اور این سی پی کے رویندر سپکام میں راست مقابلہ تھا ۔ بجوریہ نے 513 ووٹ حاصل کر کے سپکال کو شکست دیدی ۔ شولاپور میں بی جے پی کے تائیدی آزاد امیدوار پرشانت پریچارک نے 261 ووٹ حاصل کر کے جیت درج کروائی ہے ۔ جملہ 2622 کارپوریٹرس میں سے 2585 نے ووٹ ڈالا اور 98.59 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ۔