مہاجرین کی بڑے پیمانے پر وطن واپسی، افغان حکومت مشکل میں

کابل ۔28جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) افغانستان میں مہاجرین کی بڑے پیمانے پر واپسی سے افغان حکومت کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے مطابق بڑی تعداد میں افغان مہاجرین کی وطن واپسی سے یہ مشکلات مستقبل میں مزید بڑھ سکتی ہیں۔ 2016 ء میں سات لاکھ ایسے افغان مہاجرین وطن لوٹے، جو مختلف ممالک میں پناہ لئے ہوئے تھے۔ اسی طرح نصف ملین افغان ملک کے اندر بھی بے گھر ہیں۔ اس صورتحال میں آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ کابل حکومت کو اس بحران سے نمٹنے کیلئے ایک خطیر رقم کی ضرورت ہو گی۔ گزشتہ ہفتے ہی اقوام متحدہ نے اس ضمن میں 550 ملین ڈالر کی امداد کی اپیل کی تھی۔