واشنگٹن ۔30اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) شامی فوج کے ہیلی کاپٹروں نے ادلب صوبے میں ایک مہاجر کیمپ پر دو بیرل بم برسائے ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ امریکہ نے اس واقعے کو ایک خوفناک کارروائی قرار دیا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ شامی فضائیہ نے شمالی صوبے ادلب میں قائم عابدین نامی ایک ایسے کیمپ پر بیرل بم پھینکے ہیں، جہاں اس شورش زدہ ملک میں خانہ جنگی کے شکار بے گھر افراد پناہ لئے ہوئے تھے۔ یو ٹیوب پر جاری کئے گئے ایک ویڈیو میں اس بمباری کے نتیجے میں ہونے والی تباہی دکھائی گئی ہے۔ہلاک شدگان میں خواتین اور بچے بھی بتائے جا رہے ہیں۔ کیمپ کے رہائشیوں نے دمشق حکومت کی طرف سے اسے ایک ’بربریت‘ قرار دیتے ہوئے اسے ’مہاجرین کے قتل عام‘ سے تعبیر کیا ہے۔ آڈیو میں یہ کہا جارہا ہے کہ ’’دنیا کو یہ دیکھنے دو کہ یہ بے گھر افراد تھے۔ انہیں دیکھیں ، یہ عام شہری تھے۔ یہ لوگ بمباری سے بچ کر یہاں پہنچے تھے‘‘۔ ہمسایہ صوبے حما سے فرار ہونے والے شہریوں نے عابدین کیمپ میں پناہ لے رکھی تھی۔ اس ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بیرل بموں کے نتیجے میں اس کیمپ میں موجود 75 فیصد افراد مارے گئے ہیں۔امریکہ نے ان خبروں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک ’خوفناک واقعہ‘ قرار دیا ہے۔