واشنگٹن ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بابائے قوم مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر باوقار کانگریشنل گولڈ میڈل کیلئے امریکی ایوان نمائندگان میں ایک قرارداد پیش کی گئی جو دراصل یو ایس کانگریس کی جانب سے پیش کیا جانے والا اعلیٰ ترین سیویلین ایوارڈ ہے جو مہاتما گاندھی کے امن اور عدم تشدد کے نظریئے کو فروغ دینے ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا جائے گا۔ اس باوقار گولڈ میڈل کے معاون اسپانسرس چار ہندوستانی نژاد امریکی قانون ساز ہیں جن کے نام ایمی بیرا، راجہ کرشنا مورتی، روکھنہ اور پرمیلا جیہ پال ہیں جبکہ قرارداد کو ایوان میں کانگریس وومن کیرولین میلونی نے 23 ستمبر کو متعارف کروایا تھا۔ یاد رہیکہ اب تک یو ایس کانگریس کے اس باوقار ایوارڈ کے لئے صرف چند ہی غیر امریکی (بیرونی) شخصیات کا انتخاب عمل میں آیا ہے جن میں مدرٹریسا (1997)، نیلسن منڈیلا (1998)، پوپ جان پال (2000) II، دلائی لامہ (2006)، آنگ سان سوچی (2008)، محمد یونس (2010)اور شمعون پیریز (2014) کے نام قابل ذکر ہیں۔