مہاتما گاندھی کو یوم پیدائش پر قوم کا خراج عقیدت

نئی دہلی 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) قوم نے آج 145 ویں یوم پیدائش تقریب پر مہاتما گاندھی کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر قائدین نے اِن کی یادگار پر پھول چڑھاکر بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ نائب صدرجمہوریہ محمد حامد انصاری، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ، صدر کانگریس سونیا گاندھی، اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن، مرکزی وزیر برائے شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو اور مرکزی وزیر مملکت برائے اُمور خارجہ وی کے سنگھ نے بھی بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وینکیا نائیڈو مہاتما گاندھی کی سمادھی راج گھاٹ پر پہونچنے والی پہلی شخصیت تھے۔

اُن کے بعد صدر کانگریس سونیا گاندھی، سابق چیف منسٹر دہلی شیلا ڈکشٹ کے ساتھ تشریف لائیں۔ کچھ ہی دیر بعد سابق وزیراعظم منموہن سنگھ راج گھاٹ پر پہونچے اور پھول چڑھاکر خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نریندر مودی مختصر سے وقت کے لئے راج گھاٹ پر موجود تھے۔ وہ ہلکے نیلے رنگ کے کرتے اور سفید نہرو جیکٹ میں ملبوس 7.40 بجے صبح راج گھاٹ پہونچے تھے۔ اُن کا استقبال وینکیا نائیڈو نے کیا۔ وہ سیدھے سمادھی پر گئے۔ پھول چڑھائے اور سر جھکاکر کچھ دیر کھڑے رہے۔ بعدازاں سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور مودی نے ہاتھ جوڑ کر ایک دوسرے کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کچھ دیر تک سمادھی کے پاس بیٹھے رہے اور بعدازاں دیگر مصروفیات کی وجہ سے وہاں سے روانہ ہوگئے۔ اِس موقع پر گاندھی جی کے پسندیدہ گیتوں کی دُھنیں بجائی گئیں۔ اسکولی طلبہ، غیر ملکیوں اور عوام کی کثیر تعداد بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے اُن کی سمادھی پر موجود تھی۔

بعدازاں نائب صدرجمہوریہ، صدر کانگریس دہلی ارویندر سنگھ اور مقننہ پارٹی کے قائد ہارون یوسف نے یادگار پر خراج عقیدت پیش کیا۔ قوم نے سابق وزیراعظم لال بہادر شاستری کی 110 ویں یوم پیدائش تقریب پر اُنھیں بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ نریندر مودی نے شاستری کو خراج عقیدت پیش کرنے میں قوم کی قیادت کی۔ لال بہار شاستری نے قوم کو جئے جوان جئے کسان کا نعرہ دیا تھا۔ اُن کی سمادھی وجئے گھاٹ پر نریندر مودی اور دیگر قائدین نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ جہاں مہاتما گاندھی ہمارے لئے سرچشمہ وجدان ہیں لیکن اُن کے خوابوں کا ہندوستان تعمیر کرنے میں سابق وزیراعظم لال بہادر شاستری کی خدمات بھی ناقابل فراموش ہیں۔ ملک گیرسطح پر اِس موقع پر کئی تقاریب منعقد کی گئیں۔