مہاتما گاندھی کو کانگریس کا خراج

اتم کمار ریڈی، بھٹی وکرامارکا اور دیگر قائدین کی شرکت
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی نے مہاتما گاندھی کی 71 ویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ گاندھی بھون میں منعقدہ تقریب میں صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا ، صدر سٹی کانگریس انجن کمار یادو اور پردیش کانگریس کے نائب صدر ملو روی ، کمار راؤ ، جنرل سکریٹریز بی کشن ، پریم لعل، سی سرینواس ، کیلاش اور دوسرے شریک تھے۔ اس موقع پر ملو روی نے کہاتما گاندھی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جدوجہد آزادی میں ان کے نمایاں رول کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی قیادت میں گزشتہ دو برسوں سے حکومت کے خلاف جدوجہد کا آغاز ہوا ہے اور آئندہ انتخابات میں ملک کو مودی حکومت سے نجات حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے گاندھیائی اصولوں کو فراموش کردیا ہے۔ سماج کو بانٹنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ کانگریس اپنی روایات اور پالیسیوں کے مطابق سماج کو نہ صرف متحد کرے گی بلکہ غریبوں کی بھلائی کے اقدامات کئے جائیں گے۔