نئی دہلی۔25جنوری( سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما نے جو اکثر مہاتما گاندھی کی اثرانگیز قیادت پر اظہار خیال کرتے ہیں اور ان کی سرگرم زندگی کا تذکرہ کرتے ہیں ‘ آج راج گھاٹ پہنچ کر خراج پیش کیا ۔ ان کی سمادھی پر پھول مالا چڑھاتے ہوئے انہیں دنیا کیلئے ایک نادر تحفہ قرار دیا ۔ صدر امریکہ نے مہاتما گاندھی کی سمادھی پر گلہائے عقیدت بھی پیش کیا اور کچھ دیر کیلئے ہاتھ جوڑ کر سمادھی کی جانب جھکے رہے ۔ مہاتما گاندھی کی سمادھی پر رکھی گئی وزیٹرسکتاب میں انہوں نے اپنے تاثرات تحریر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ ڈاکٹر مارٹن لوتھر کنگ جونیئر نے جو کہا تھا کہ وہ آج حقیقت بن کر سامنے موجود ہے ۔ مہاتما گاندھی کا جذبہ ہندوستان میں زندہ جاوید ہے ۔پیار و محبت ‘ امن و بھائی چارہ سے رہنے کی ان کی تلقین آج کی دنیا کیلئے نہایت ہی اہمیت کی حامل بن گئی ہے ۔ اوباما نے راشٹرپتی بھون میں اپنی خیرمقدمی تقریب میں شرکت کے بعد سیدھا راج گھاٹ پہنچ کر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ گذشتہ 2010ء میں اپنے دورہ کے دوران بھی انہوں نے مہاتما گاندھی کو خراج پیش کیا تھا ۔ صدر امریکہ کو سمادھی پر موجود عہدیداروں نے مہاتما گاندھی کے مشہور ’’ چرخہ‘‘ کے نمونے کو پیش کیا ‘ اوباما نے راج گھاٹ پر پودا بھی لگایاہے ۔راج گھاٹ پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے ۔ اوباما نے مہاتما گاندھی کی خدمات کو بھی زبردست خراج پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی دنیا بھر کیلئے ایک عظیم شخصیت تھے ۔ اوباما میں اپنی تقاریر میں اکثر مہاتما گاندھی کے عدم تشدد فلسفہ کا حوالہ دیتے رہتے ہیں ۔