سرکاری تقاریب کے لیے ، جوگو رامنا کمیٹی کے چیرمین نامزد
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اپریل : ( آئی این این ) : وزیر بہبودی پسماندہ طبقات جوگو رامنا کو مہاتما جیوتیبا پھولے کی یوم پیدائش تقاریب کے لیے کمیٹی کا چیرمین نامزد کیا گیا ہے یہ تقریب ریاست تلنگانہ میں 11 اپریل کو سرکاری تقریب کے طور پر منائی جائے گی ۔ قبل ازیں 27 مارچ کو حکومت تلنگانہ نے احکام جاری کرتے ہوئے مہاتما جیوتیبا پھولے کی یوم پیدائش تقریب کو ہر سال سرکاری تقریب کے طور پر منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ مہاتما جیوتیبا پھولے کی زندگی کی نمایاں کارکردگی بشمول سماجی اور معاشی میدانوں میں ان کے کارناموں کا احاطہ کرتے ہوئے احکام بھی جاری کئے گئے ۔ نیز حکومت نے مہاتما جیوتیبا پھولے کی 189 ویں جینتی تقریب کے سلسلہ میں ہونے والے اخراجات کے لیے 7 لاکھ روپئے کی رقم بھی منظور کی ۔ پیر کو ریاستی حکومت نے احکام جاری کرتے ہوئے جوگورامنا کو اس کمیٹی کا چیرمین نامزد کیا ۔ اس جی او میں کہا گیا کہ اس تقریب کو کسی سیاسی مہم کے لیے استعمال نہیں کرنا ہوگا اور اس میں سیاسی خطوط پر کوئی خطاب ، کوئی تقریر نہیں ہوگی ۔۔