حلقہ اسمبلی گوشہ محل کانگریس امیدوار کا عوام کے لیے خدمت کرنے کا تیقن
حیدرآباد ۔ /5 ڈسمبر (سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی گوشہ محل سے مہاکوٹمی کے کانگریسی امیدوار مسٹر مکیش گوڑ نے انتخابی مہم کے آخری دن آج مسلم علاقوں کا دورہ کیا اور عوام سے فرداً فرداً ملاقات کی ۔ انہوں نے درگاہ یوسفینؒ کے احاطہ سبحان پورہ اور جامباغ ڈیویژن میں دورہ کرتے ہوئے مسلمانوں سے درخواست کی کہ وہ بی جے پی کے خاتمہ کے کانگریسی مشن میں اپنا تعاون پیش کریں جو ملک کی سالمیت اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے عمل میں لایا گیا ہے ۔ انہوں نے ٹی آر ایس پارٹی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس حلقہ سے بی جے پی کو کامیاب بنانے کے لئے ٹی آر ایس نے ایک سازش رچی ہے اور یہ سازش بی جے پی اور ٹی آر ایس کے درمیان طئے شدہ خفیہ معاہدہ کے تحت ہے ۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی اقلیتوں کو ہراساں کرنے والی بی جے پی کے ساتھ ملکر ٹی آر ایس ریاست کی عوام بالخصوص مسلمانوں کو دھوکہ دے رہی ہے ۔ حلقہ گوشہ محل سے مسلمانوں کے ووٹوں کو تقسیم کرتے ہوئے بی جے پی کو فائدہ پہونچایا جائے ۔ انہوں نے مسلمانوں سے اس سازش کو سمجھنے اور کانگریس کے حق میں ووٹ کے استعمال کی اپیل کی ۔