نئی دہلی 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ریلائنس انڈسٹریز لمیٹیڈ (آر آئی ایل) نے عام آدمی پارٹی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ نہ تو اس کمپنی اور نہ ہی اس کے چیرمین مکیش امبانی کے دنیا کے کسی حصہ میں ناجائز بینک کھاتے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے صدر اور دہلی کے سابق چیف منسٹر اروند کجریوال نے ہریانہ کے روہتک میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے نمبرس پڑھ کر سنایا تھا جن کے بارے میں ان کا دعویٰ تھا کہ یہ مکیش اور انیل امبانی کے سوئیس بینک کھاتوں کے نمبر ہیں۔ ریلائنس انڈسٹریز لمیٹیڈ نے اپنے بیان میں کہاکہ ’’آر آئی ایل ان الزامات کی پرزور تردید کرتی ہے جو عام آدمی پارٹی کی جانب سے اس کی ریالی میں اس کمپنی اور اس کے چیرمین مکیش امبانی کے خلاف عائد کئے گئے تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جیسا کہ پہلے بھی کہا جاچکا ہے کہ اور اب اعادہ کیا جاتا ہے کہ نہ تو ریلائنس انڈسٹریز لمیٹیڈ اور نہ ہی مکیش امبانی کے دنیا میں کہیں بھی کوئی غیرقانونی یا غیر مجاز بینک کھاتے نہیں ہیں‘‘۔ اس کمپنی نے کہاکہ متعدد ممالک میں اس کے تجارتی مفادات ہیں جہاں ہزاروں کروڑ روپئے کے کاروبار ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ معمول کی تجارتی سرگرمیوں کے ایک حصہ کے طور پر ریلائنس انڈسٹریز لمیٹیڈ اور اس کی معاون بین الاقوامی کمپنیاں مختلف عالمی بینکوں سے کاروبار کیا کرتی ہیں۔
یہ بینک کھاتے تمام قواعد اور ضابطوں کے مطابق کھولے گئے ہیں جن کا انکشاف متعلقہ ممالک اور ہندوستان میں کیا گیا ہے‘‘۔ ریلائنس انڈسٹریز لمیٹیڈ نے کہاکہ عام آدمی پارٹی اور اس کے قائدین نے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مفادات حاصلہ عناصر کی طرف سے اُکسائے جانے پر ان کے خلاف اس قسم کے الزامات عائد کئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مفادات حاصلہ عناصر کی جانب سے اُکسائے جانے پر ہی اے اے پی اور اس کے قائدین نے ریلائنس انڈسٹریز لمیٹیڈ اور اس کے چیرمین مکیش امبانی کے خلاف بے بنیاد الزامات کا ایک لامتناہی سلسلہ شروع کردیا ہے‘‘۔ کجریوال نے 48 دن کی چیف منسٹری سے سبکدوش ہونے سے محض ایک دن قبل ہی مکیش امبانی، وزیر پٹرولیم ویرپا موئیلی اور دوسروں کے خلاف ملک میں قدرتی گیس کی مصنوعی قلت پیدا کرنے اور اس کی قیمتوں میں اضافہ کے الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا تھا۔ کجریوال نے روہتک میں منعقدہ ریالی سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ مکیش امبانی اس ملک کو چلارہے ہیں‘‘۔