مکہ کا جلال ، مدینہ کا جمال حاجی کے لیے نعمت عظیم

حج کے لیے آج روانگی سے قبل مولانا پیر شبیر نقشبندی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری جو 23 ستمبر کو رات مدینہ منورہ کے لیے عزم حج اپنے اہل خاندان کے ہمراہ روانہ ہونے سے قبل اتحاد بھون بنجارہ ہلز میں سلسلہ افتخاریہ چشتی چمن کے عقیدت مندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر مکہ مکرمہ کا منظر جہاں جلال الہی کا مظہر ہوتا ہے وہیں دربار مدینہ منورہ کی فضاء جمال مصطفویؐ کا اظہار کرتی ہے اور یہ لمحات حاجی کے لیے نعمت عظیم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حج کے ارکان کے فرائض کا ہر ہر عمل جہاں بندہ و اللہ کے درمیان دیوانگی کی کیفیت پیدا کرتا ہے مگر جب اللہ کے بندے اس کے محبوب ؐ کے دربار میں حاضری کا رخ کرتے ہیں تو ہر امتی پر آداب لازم ہوجاتا ہے ۔ حدود مدینہ طیبہ میں معمولی غفلت یا گستاخی اللہ تعالیٰ کبھی برداشت نہیں فرماتے اس لیے ہر حاجی کے لیے احتیاط ضروری ہے ۔ مولانا پیر نقشبندی جنہیں سعودی سفیر ہزاکسلینسی سعود السطی نے خصوصی ویزا فراہم کیا اور جنہیں گزشتہ تین مرتبہ خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے شاہی مہمان کے طور پر حج بیت اللہ کی ادائیگی کی سعادت حاصل ہوچکی ہے اور وہ 1976 میں پہلی مرتبہ بارگاہ نبویؐ میں حاضری اور حج بھی ادا کیا تھا۔ مولانا پیر نقشبندی 16 اکٹوبر کو حیدرآباد واپس ہوں گے ۔۔