مکہ مکرمہ کے حیدرآبادی رباط میں تلنگانہ عازمین حج کے قیام کو یقینی بنانے حکومت کے اقدامات

موجودہ رباط میں عازمین کے قیام کے لیے اجازت کی طلبی ، سنٹرل حج کمیٹی کو ڈپٹی چیف منسٹر کا مکتوب
حیدرآباد 6 اپریل (سیاست نیوز)مکہ مکرمہ میں واقع حیدرآبادی رباط میں تلنگانہ کے عازمین حج کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے حکومت نے سنجیدہ مساعی کا آغاز کیا ہے۔ موجودہ رباط میں عازمین حج کے قیام کی اجازت حاصل کرنے کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی جانب سے سنٹرل حج کمیٹی کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی سے خواہش کی گئی کہ عازمین کے قیام سے متعلق عمارتوں کے انتخاب سے قبل حیدرآبادی رباط میں قیام کیلئے سعودی حکام سے اجازت حاصل کی جائے جسے عرف عام میں تصریح کہا جاتا ہے۔ سعودی عہدیداروں کی جانب سے عمارتوں کے معائنے کے بعد عازمین کے قیام کی گنجائش کے اعتبار سے تصریح جاری کی جاتی ہے ۔ سنٹرل حج کمیٹی کو تصریح ملنے کے بعد وہ اوقاف کمیٹی نظام کے نام تصریح جاری کرتی ہے۔ اس مرحلے کے بغیر عازمین کو رقم واپس نہیں کی جاتی لہذا تلنگانہ حکومت جاریہ سال حج کے موقع پر رباط میں قیام کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ گذشتہ دو برسوں سے اوقاف کمیٹی اور ناظر رباط کے درمیان تنازعہ کے سبب حیدرآبادی رباط میں قیام ممکن نہ ہوسکا تھا۔ رباط میں قیام کیلئے منتخب ہونے والے عازمین کو تقریباً 35 ہزار روپئے کی بچت ہوتی ہے۔ موجودہ رباط میں اگرچہ 265 عازمین کے قیام کی گنجائش ہے تاہم ناظر رباط نے تلنگانہ حکومت کو تیقن دیا کہ وہ مزید دو عمارتیں کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے 600 عازمین کے قیام کو یقینی بنائیں گے ۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کے مطابق بلڈنگ سلیکشن سے قبل تلنگانہ حکومت تصریح حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ وہ ناظر رباط اور اوقاف کمیٹی کے درمیان تنازعہ کو مذاکرات کے ذریعہ حل کرنا چاہتی ہے تا کہ رباط میں قیام کو یقینی بنایا جاسکے ۔ سعودی حکام کی اطلاع کے مطابق رباط میں جاریہ سال آخری مرتبہ قیام کی گنجائش رہے گی جبکہ آئندہ سال رباط کی یہ عمارت توسیع حرم کے تحت منہدم کی جاسکتی ہے۔ سید عمر جلیل کے مطابق حکومت ناظر رباط اور اوقاف کمیٹی کے درمیان تنازعہ کے حل کی کوشش کررہی ہے اور توقع ہے کہ اس معاملے کی یکسوئی کرلی جائے گی۔ اسی دوران تلنگانہ کیلئے مزید 2000 افراد کا خصوصی کوٹہ حاصل کرنے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے مرکز کو روانہ کردہ مکتوب کے سلسلہ میں مزید نمائندگی کیلئے توقع ہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی بہت جلد دہلی جائیں گے ۔ وہ وزیر خارجہ سشما سواراج سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ کو زائد حج کوٹہ کی منظوری کے سلسلہ میں نمائندگی کریں گے۔