مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی رباط میں عازمین کے قیام کو یقینی بنانے کے اقدامات

رباط کے موقف اور گنجائش پر ہندوستانی کونسل جنرل سے ربط ، قرعہ کے ذریعہ عازمین کا انتخاب ہوگا
حیدرآباد۔/26مارچ، ( سیاست نیوز) جاریہ سال حج کے موقع پر مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی رباط میں تلنگانہ کے عازمین کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود نے مساعی کا آغاز کیا ہے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے مکہ مکرمہ کی رباط کے موجودہ موقف اور اس میں رہائش کی گنجائش کے بارے میں جدہ میں ہندوستانی کونسل جنرل سے ربط قائم کیا۔ کونسل جنرل جدہ نے اطلاع دی کہ حیدرآبادی رباط میں جاریہ سال عازمین حج کے قیام کی گنجائش موجود ہے کیونکہ توسیع حرم کے سلسلہ میں جاری انہدامی کارروائیوں میں یہ عمارت شامل نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال اس عمارت کے انہدام کا امکان نہیں ہے تاہم آئندہ سال یہ عمارت توسیعی کاموں کے تحت منہدم کی جاسکتی ہے۔ رباط میں عازمین کے قیام کے امکانات کو دیکھتے ہوئے محکمہ اقلیتی بہبود نے ناظر رباط اور اوقاف کمیٹی نظام سے مشاورت کے ذریعہ قرعہ اندازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی سعودی عرب میں ناظر رباط اور کونسل جنرل جدہ سے ربط میں ہیں جبکہ اوقاف کمیٹی نظام کے عہدیداروں سے سید عمر جلیل نے مشاورت کی۔ انہوں نے بتایا کہ قیام کی گنجائش اور فریقین میں تعطل کے خاتمہ کے بعد حکومت کی راست نگرانی میں عازمین کی قرعہ اندازی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح رباط میں تلنگانہ کے عازمین کے قیام کو یقینی بنانا ہے تاکہ ان کی رقم کی بچت ہو۔ رباط میں موجودہ گنجائش تقریباً 260افراد کی ہے تاہم ناظر رباط نے مزید دو عمارتوں کو حاصل کرتے ہوئے600افراد کا قیام یقینی بنانے کا تیقن دیا ہے۔ تنازعہ کی یکسوئی کے بعد سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے اوقاف کمیٹی کے نام تصریح جاری کی جائے گی۔ قرعہ اندازی کے موقع پر کونسل جنرل جدہ کی موجودگی کو یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ناظر رباط نے بھی اس سلسلہ میں مکمل تعاون کا یقین دلایا اور حیدرآباد دورہ سے اتفاق کیا ہے۔ الغرض فریقین میں تعطل کے خاتمہ کے بعد ہی حیدرآبادی رباط میں تلنگانہ کے عازمین کا قیام یقینی ہوپائے گا۔ گزشتہ دو سال سے عازمین رباط کی سہولت سے استفادہ نہیں کرسکے کیونکہ ناظر رباط اور اوقاف کمیٹی کے درمیان تنازعہ کی یکسوئی نہیں ہوسکی۔