مکہ مکرمہ رباطوں کیلئے منتخب عازمین کی فہرست روانہ کرنے کی ہدایت

فہرست کی روانگی میں تاخیر پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی کا مکتوب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست (سیاست نیوز) سنٹرل حج کمیٹی کی مداخلت کے بعد مکہ مکرمہ کی دونوں رباطوں میں قیام کیلئے منتخب عازمین کی فہرست روانہ کردی گئی ہے۔ اوقاف کمیٹی نظام کی جانب سے فہرست کی روانگی میں تاخیر کو دیکھتے ہوئے چیف اگزیکیٹیو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی عطا الرحمن نے مکتوب روانہ کیا اور فوری طور پر فہرست روانہ کرنے کی خواہش کی۔ بصورت دیگر رباط میں قیام خطرہ میں پڑنے کا اندیشہ ظاہر کیا ۔ واضح رہے کہ دونوں عمارتوں کیلئے منتخب عازمین کی فہرست اوقاف کمیٹی کی جانب سے مکمل طورپر روانہ نہیں کی گئی جس کے نتیجہ میں جدہ میں ہندوستانی قونصلیٹ نے عازمین کے انتظامات عزیزیہ کی عمارتوں میں کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ سنٹرل حج کمیٹی کی فوری مداخلت کے بعد اوقاف کمیٹی نظام نے مکمل فہرست تلنگانہ حج کمیٹی کو روانہ کردی ہے جسے پروفیسر ایس اے شکور نے سنٹرل حج کمیٹی کو بھیج دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اوقاف کمیٹی نے پہلی فہرست 250 عازمین کی روانہ کی تھی ، اس کے بعد 428 عازمین کی فہرست میں بمشکل 100 نام روانہ کئے گئے ۔ اب جبکہ قافلوں کی روانگی کا آغاز ہوچکا ہے ، فہرست کی عدم روانگی کی صورت میں عازمین رباط میں قیام سے محروم ہوسکتے تھے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے اوقاف کمیٹی سے ربط قائم کیا جس کے بعد آج شام مکمل فہرست روانہ کی گئی ۔ واضح رہے کہ شیشہ علاقہ میں موجود رباط میں 250 افراد کی گنجائش ہے جبکہ بکوتما علاقہ میں 428 عازمین کی گنجائش پر مشتمل عمارت حاصل کی گئی ہے۔ اس طرح جاریہ سال جملہ 678 عازمین حج نظام رباط میں قیام کی سہولت سے استفادہ کریں گے ۔ دونوں عمارتوں کیلئے 3 خادم الحجاج ہوں گے۔