مکہ معظمہ میں 2 کشمیری حاجیوں کا انتقال

سری نگر ، 23اگست (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ سے تعلق رکھنے والے دو حاجیوں کی گذشتہ رات سعودی عرب کے شہر مکہ معظمہ میں موت واقع ہوئی ہے ۔ دونوں مہلوک عازمین فریضہ حج ادا کرچکے تھے ۔ مہلوکین کی شناخت 67 سالہ غلام محمد ڈار ساکنہ چیر کوٹ کپواڑہ اور 65 سالہ ساجہ بیگم زوجہ علی محمد لون ساکنہ ہیہامہ بون گام کپواڑہ کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ کشمیر کے مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق دونوں عازمین منیٰ میں قیام کے دوران سینے میں درد کی شکایت کے بعد بیہوش ہوگئے ۔ انہیں نزدیکی طبی مرکز لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے دونوں حاجیوں کو مردہ قرار دے دیا۔