حیدرآباد۔16 جنوری (سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد کے ملازمین نصف ماہ گذر جانے کے باوجود تنخواہوں سے محروم ہیں۔ مکہ مسجد کے انتظامات کے لئے 30 ملازمین اور 20 ہوم گارڈس برسر پیکار ہیں۔ شہر کی صرف دو مساجد مکہ مسجد اور شاہی مسجد باغ عامہ، محکمہ اقلیتی بہبود کے زیر انتظام ہیں۔ یاد رہے کہ تین ماہ قبل بھی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے ہوم گارڈس نے ہڑتال کردی تھی۔ محکمہ پولیس کے ہوم گارڈس شعبہ کے عہدیداروں نے مداخلت کرتے ہوئے محکمہ اقلیتی بہبود سے رجوع ہوتے ہوئے تنخواہیں ایصال کروائی تھیں۔ اس وقت یہ تیقن دیا گیا تھا کہ آئندہ سرکاری ملازمین کی طرز مہینہ کے اختتام پر تنخواہیں ایصال کی جائیں گی۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ گذشتہ8-10 ماہ سے مکہ مسجد کے ملازمین کی تنخواہوں کی اجرائی میں بے قاعدگی پائی جاتی ہے۔ مکہ مسجد کے ان ملازمین کی تنخواہوں کی مجموعی رقم تقریباً3 لاکھ روپے ہیں مگر یہ تین لاکھ روپے بھی بروقت ایصال نہیں کئے جاتے۔ مکہ مسجد کے بیشتر ملازمین کرایہ کے مکانات میں گذارہ کرتے ہیں۔ حقیر تنخواہوں پر گذارہ کرنے والوں کو بھی اگر بروقت تنخواہیں نہ ملیں تو انہیں کئی مسائل درپیش ہوتے ہیں۔