مکہ مسجد کے ملازمین اور ہوم گارڈس کے تنخواہوں کی اجرائی

دو ملازمین کی میعاد میں توسیع پر غور سے تنخواہ کی عدم ادائیگی
حیدرآباد۔ 23 ۔ نومبر (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے مکہ مسجد کے ملازمین اور ہوم گارڈس کی تنخواہیں جاری کردی ہیں۔ تاہم دو ملازمین جن کی میعاد میں توسیع نہیں دی گئی، ان کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔ اقلیتی بہبود کے سکریٹری نے آج تنخواہوں کی ادائیگی کے مسئلہ پر متعلقہ عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ملازمین کی تنخواہیں 4 نومبر کو جاری کردی گئی جبکہ ہوم گارڈس کی تنخواہیں 12 نومبر کو جاری کی گئیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مکہ مسجد کے امام کی میعاد میں توسیع سے متعلق فائل منظوری کے مرحلہ میں ہے اور 3 ماہ قبل ان کی میعاد ختم ہوگئی تھی۔ میعاد میں توسیع کے بعد مابقی ایام کی تمام تنخواہ ایک ساتھ جاری کردی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مکہ مسجد کے ایک اور امام کی میعاد ڈسمبر میں ختم ہورہی ہے، جبکہ سپرنٹنڈنٹ کی میعاد بھی ختم ہوچکی ہے ۔ شاہی مسجد باغ عامہ کے مینجر کی میعاد بھی ختم ہوگئی۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے مکہ مسجد کے انتظامات موثر بنانے کیلئے ایک ریٹائرڈ پولیس عہدیدار کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں بہت جلد احکامات جاری کردیئے جائیں گے۔ مسجد کے جن ملازمین کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں ان پر تقررات کیلئے حکومت سے منظوری حاصل کی جارہی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے بتایا کہ حکومت نے دونوں مساجد کیلئے ایک کروڑ روپئے جاری کئے ہیں اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی میں کوئی دشواری نہیں ہے۔  انہوں نے بتایا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ سے متعلق فائل کو حکومت نے منظوری دیدی ہے تاہم محکمہ فینانس کی منظوری کا انتظار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مسجد کے ایک امام کی میعاد میں توسیع کے فوری بعد تین ماہ کی تنخواہ ایک ساتھ جاری کردی جائے گی ۔