حیدرآباد ۔ 15 جنوری ۔ ( نمائندہ خصوصی) کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر سومیش کمار نے عید میلادالنبیؐ کے موقع پر تاریخی مکہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے مسجد کے انتظامات کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔ وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ 11 ربیع الاول کی رات 8 بجے مکہ مسجد کا دورہ کیا اور تقریباً سوا گھنٹے تک اس تاریخی مسجد کا مشاہدہ کرتے رہے۔ وہ مکہ مسجد کے وسیع و عریض صحن ، وضو کیلئے مخصوص حوض ، بلند و بالا میناروں ، خوبصورت کمانوں ، مسجد کے اندرونی حصہ میں چھت سے لٹکے ہوئے فانوس ، محراب و منبر کو دیکھ کر حیران رہ گئے ۔ انھوں نے اپنی اہلیہ کے ساتھ صحن میں رکھے ہوئے سنگ مرمر کے تخت پر بیٹھ کر تصاویر بھی کھنچوائی ۔
مکہ مسجد میں آمد کے ساتھ ہی 50 سالہ سومیش کمار نے اپنی اہلیہ گیان مودرا کے ساتھ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد جناب محمد عبدالنعیم سے ملاقات کی اور مسجد کی تاریخ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ بہار سے تعلق رکھنے والے سومیش کمار 1989 کیڈر کے آئی اے ایس عہدیدار ہیں جبکہ ان کی اہلیہ محترمہ گیان مودرا اچاریہ رنگا زرعی یونیورسٹی راجندرنگر میں ایک اہم عہدہ پر فائز ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد جناب محمد عبدالنعیم نے اس جوڑے کو مسجد کے مختلف مقامات کا تفصیلی معائنہ کروایا ۔ دونوں مسجد میں موجود آصفجاہی دور کی گھڑی ، غیرمعمولی فانوس ، محراب کو دیکھ کر کافی متاثر ہوئے ۔ واضح رہے کہ عیدمیلادالنبی صلی اﷲ علیہ وسلم کے موقع پر جی ایچ ایم سی نے مکہ مسجد میں خصوصی روشنی کا اہتمام کیا تھا ۔
ایک مرحلہ پر سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد نے مسٹر سومیش کمار اور گیان مودرا کو مکہ مسجد کے عقبی حصہ میں نصب کردہ وہ پتھر دکھایا جو خاص طورپر مکہ مکرمہ سے لایا گیا ۔ بعد میں نمائندہ خصوصی سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ مکہ مسجد کی طرز تعمیر اور تاریخ سے کافی متاثر ہوئے ہیں۔ ان کے ساتھ دورہ میں ساؤتھ زون کے زونل کمشنر مسٹر روی کرن بھی تھے ۔ انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ سب سے پہلے مسجد کے طہارت خانوں کا مسئلہ حل کریں گے جبکہ پنچ محلہ کی جانب راستہ نکالنے کے بارے میں بھی غور کیا جائے گا ۔ تاہم اس کیلئے وہ کمشنر پولیس حیدراباد اور عوامی نمائندوں سے بات کریں گے ۔ ساتھ ہی مسجد کے چھوٹے حوض کے کام پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی ۔ انھیں بتایاگیا کہ چارمینار مکہ مسجد اور قریب میں واقع تاریخی عمارتوں کے مشاہدہ کیلئے آنے والے اکثر بیرونی سیاح مسجد کے باہر سلبھ کامپلکس نہ ہونے کے باعث مسجد کے طہارت خانوں کا استعمال کررہے ہیں جبکہ اس کے دروازے اور دیواریں انتہائی بوسیدہ ہوگئے ہیں۔
کمشنر بلدیہ کو یہ بھی بتایا گیا کہ حال ہی میں طہارت خانے کی دیوار گرجانے کے نتیجہ میں ایک خاتون شدید زخمی ہوئی ہے ۔ طہار ت خانوں کے بارے میں سوال پر مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ بلدیہ اس مسئلہ کا حل ضرور نکالے گی۔انھوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ 64 طہارت خانوں کے بارے میں جو شکایات موصول ہوئی ہیں وہ درست ہے ۔ انھوں نے ایک سوال کے جواب میں یہ بھی کہا کہ اس قدر وسیع و عریض مسجد کے لئے تین باب ا لداخلہ ناکافی ہیں ایسے میں مزید باب الداخلہ نکالے جانے کی ضرورت ہے ۔ چنانچہ پنچ محلہ کی طرف مسجد کی جو کچی دیوار ہے وہاں سے راستہ نکالنے کے بارے میں قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں اور عوامی نمائندوں سے بات کی جائے گی اور سب کے صلاح و مشورہ سے کوئی قدم اٹھایا جائے گا۔ واضح رہے کہ مسٹر سومیش کمار جی ایچ ایم سی کا کمشنر مقرر کئے جانے سے قبل محکمہ تعلیمات حیدرآباد اور محکمہ قبائیل و بہبود میں کمشنر کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ بعض بزرگ مصلیوں کا کہنا ہے کہ مسٹر سومیش کمار اور ان کی اہلیہ نے بصد احترام مسجد میں کچھ وقت گذارا ۔ ان سے قبل حیدرآباد کے کلکٹر رہے مسٹر نوین متل نے بھی اپنی بیوی کے ساتھ تاریخی مکہ مسجد کا دورہ کیا تھا ۔ مسٹر سومیش کمار کی اہلیہ مسجد میں موجودگی کے وقت سر پر پلو اوڑھے رہیں اور بہت ہی دلچسپی سے مسجد کا مشاہدہ کیا ۔ امید ہے کہ مسٹر سومیش کمار عملی اقدامات کرتے ہوئے مسجد میں مصلیوں کیلئے سہولتوں کو مزید بہتر بنائیں گے ۔