حیدرآباد۔3 مئی (سیاست نیوز) رمضان المبارک کے دوران تاریخی مکہ مسجد میں سکیوریٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سٹی پولیس کے سکیوریٹی اور انٹلیجنس ونگ کے عہدیداروں نے آج مکہ مسجد کا دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس سٹی سکیوریٹی ونگ این جانکی راما رائو کی قیادت میں عہدیداروں کی ٹیم نے سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی سے ملاقات کی اور رمضان المبارک کے دوران افطار اور تراویح کے موقع پر بطور خاص پولیس کی جانب سے احتیاطی اقدامات سے واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد کے باب الداخلہ پر ہمیشہ کی طرح تلاشی کے علاوہ بیرونی حصہ میں بھی پولیس کو تعینات کرتے ہوئے چوکسی برتی جائے گی۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد نے سکیوریٹی انتظامات پر مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد میں متعین ہوم گارڈس 24 گھنٹے سکیوریٹی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ ایک ماہ تک سکیوریٹی کے عہدیدار بہتر تال میل کے ساتھ مکہ مسجد کے عملے اور عہدیداروں کے ساتھ کام کریں گے۔