امام ، موذن اور دیگر ملازمین کی تنخواہوں میں عنقریب اضافہ ، اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب عمر جلیل اور اسپیشل آفیسر شیخ محمد اقبال کا دورہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب عمر جلیل آئی اے ایس اور جناب شیخ محمد اقبال آئی پی ایس نے آج مکہ مسجد کا دورہ کیا اور اس دورہ میں جہاں دونوں اعلیٰ عہدیداروں نے مکہ مسجد کا تفصیلی جائزہ لیا وہیں ملازمین کو ان کی تنخواہوں میں جلد سے جلد اضافہ کرنے کا تیقن دیا ۔ ان دونوں عہدیداروں کے اس تیقن و وعدہ پر ملازمین کے چہروں پر خوشیاں بکھر گئیں ۔ جناب عمر جلیل اور جناب شیخ محمد اقبال نے یہ بھی اعلان کیا کہ مکہ مسجد کی اراضی اور اس کے تحت کی موقوفہ جائیدادوں کا عنقریب سروے کیا جائے گا ۔ یہ دونوں اعلیٰ عہدیدار مہاجرین کیمپ کے 155 مکانات اور ان کے کرایوں کے بارے میں جان کر حیرت زدہ رہ گئے ۔ اس بات کا بھی پتہ چلا کہ 50 روپئے کرایہ ہونے کے باوجود چند کرایہ دار ایک طویل عرصہ سے کرایہ ادا نہیں کررہے ہیں ۔ جناب عمر جلیل اور جناب شیخ محمد اقبال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مکہ مسجد کے غسل خانہ کا دوسرا دروازہ کس کے قبضہ میں ہے اس کا پتہ لگاکر کارروائی کی جائے گی ۔ جب ان کی توجہ پنچ محلہ کی جانب سے راستہ کھولنے پر مرکوز کروائی گئی تو ان سرکاری عہدیداروں نے کہا کہ بہت جلد صلاح و مشورہ کے بعد ہی اس ضمن میں فیصلہ کیا جائے گا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ مکہ مسجد کی تفصیلات کی جو تختی ہے اس پر انگریزی ، تلگو وغیرہ میں تفصیلات درج ہیں ۔ اس بارے میں محکمہ اقلیتی بہبود نے مسجد کے باب الداخلہ پر اردو میں تفصیلات پر مشتمل ایک بورڈ لگانے کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود اور اسپیشل آفیسر نے مکہ مسجد کے مشاہدہ کے لیے آنے والی غیر مسلم خاتون سیاحوں کے لیے چادریں رکھنے کی بھی بات کی اور کہا کہ اس سے مسجد کا احترام ہوگا ۔ اس کے علاوہ مسجد میں سیکوریٹی انتظامات میں مصروف ہوم گارڈس کے لیے جلد سے جلد نئے ڈریس فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ۔
ان عہدیداروں نے مکہ مسجد کے بیت الخلاؤں کی حالت زار دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے اور اس بات کا تیقن دیا کہ ریاست کی اس سب سے بڑی مسجد میں شکستہ و بوسیدہ بیت الخلاؤں کی از سر نو تعمیر کی جائے گی ۔ یہ بتانے پر کہ مسجد کے اندرونی حصہ کی چھت سے پانی رس رہا ہے ۔ جناب عمرجلیل اور جناب شیخ محمد اقبال نے ریاستی محکمہ آثار قدیمہ سے یہ کام کروانے کا وعدہ کیا جب کہ مسجد کے ساونڈ سسٹم کے نقص کو فوری دور کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ان اعلی عہدیداروں نے یہ بھی دیکھا کہ 23 میں سے 17 سی سی ٹی وی کیمرے کام کررہے ہیں جب کہ 6 کیمرے غیر کارکرد ہیں ۔ عہدیداروں کو تمام کیمروں کی کارکردگی کو بحال کرنے کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد جناب عبدالنعیم اور مینجر عبدالمنان نے تمام مسائل سے واقف کروایا ۔ ان عہدیداروں کو یہ بھی بتایا گیا کہ گذشتہ سال ایک کروڑ دس لاکھ تیس ہزار روپئے کے مصارف سے اوور ٹینک ، فلٹر مشین ، سمپ اور حوض کی تعمیر و مرمت کروائی گئی ۔ اس کے باوجود حوض سے پانی رسنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ جناب عمر جلیل اور جناب شیخ محمد اقبال نے تقریبا ڈھائی گھنٹہ کے اس دورہ میں تمام مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو متعدد ہدایات دیں ۔ ایک مرحلہ پر 10 ہوم گارڈس کی غیر حاضری پر دونوں نے برہمی بھی ظاہر کی ۔ اس دورہ کی سب سے اچھی بات یہ رہی کہ جناب عمر جلیل نے مکہ مسجد میں تعمیر و مرمت کے لیے 20 لاکھ روپئے منظور کئے ۔ امید ہے کہ اس رقم سے مسجد میں تعمیر و مرمت کے کام عنقریب شروع ہوں گے ۔۔