۔6 کروڑ کی اجرائی کیلئے آرکیالوجیکل سروے کا مطالبہ،ملازمین کی تنخواہوں کیلئے بجٹ کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد کی چھت کی تعمیر اور مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ اس کے علاوہ مسجد کے اندرونی حصہ میں بارش کے پانی کو روکنے کیلئے چھت کی درستگی پر ماہرین کام کر رہے ہیں۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے عہدیداروں کی نگرانی میں توقع ہے کہ یہ کام آئندہ چھ ماہ میں مکمل ہوجائے گا۔ ستمبر 2017 ء کو یہ کام حوالے کیا گیا تھا جس پر 8 کروڑ 48 لاکھ روپئے کا خرچ آئے گا۔ حکومت کی جانب سے تاحال 2 کروڑ روپئے جاری کئے گئے جبکہ آرکیالوجیکل سروے کے عہدیداروں نے مزید 6 کروڑ روپئے کی اجرائی کا مطالبہ کیا ہے۔ 18 ماہ میں کام کی تکمیل کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا اور ایک سال مکمل ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چھت کا کام آخری مرحلہ میں ہے۔ چھت کے کام کی تکمیل کے بعد آصف جاہی مقبرہ اور مدرسۃ الحفاظ کی چھت کی درستگی پر توجہ دی جائے گی ۔ اسی دوران حکومت نے مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے ملازمین کی تنخواہوں کے سلسلہ میں دوسرے سہ ماہی کا بجٹ جاری کردیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد کے مطابق ملازمین کو ماہ ستمبر کی تنخواہ جاری کردی گئی ہے جبکہ ہوم گارڈس کی تنخواہیں ہر ماہ کی 15 تاریخ کو ادا کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی وجوہات کے سبب ہوم گارڈز کی تنخواہیں ہر ماہ کی 15 یا 16 تاریخ کو ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ دیگر ملازمین کی تنخواہیں ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو ادا کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تعداد میں اضافہ کی تجویز حکومت کے زیر غور ہے۔