مکہ مسجد کی چھت کی تعمیر کے لیے ایک کروڑ جاری

صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نے ڈپٹی ڈائرکٹر آرکیالوجی کو چیک حوالے کیا
حیدرآباد۔ 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد کی تزئین نو اور چھت کی مرمت کے کاموں کے لیے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کو ایک کروڑ روپئے جاری کیے ہیں۔ محکمہ کے ڈپٹی ڈائرکٹر نارائنا کو آج وقف بورڈ کے دفتر میں ایک کروڑ روپئے کا چیک حوالہ کیا گیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر منان فاروقی موجود تھے۔ مکہ مسجد کی چھت کی مرمت اور تزئین نو کے کاموں کے لیے حکومت نے 8 کروڑ 48 لاکھ روپئے مختص کئے تھے اس سلسلہ میں ابھی تک دو کروڑ روپئے جاری کیے جاچکے ہیں۔ کام کی تکمیل کے ساتھ ساتھ مزید رقم جاری کی جائے گی۔ مسجد کی چھت کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے اور آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ماہرین کی نگرانی میں یہ کام انجام دیا جارہا ہے۔ رقم کی اجرائی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل کام کی تکمیل کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے تاکہ روزہ داروں اور مصلیوں کو تکلیف نہ ہو۔ مسجد کی چھت متاثر ہونے سے بارش کا پانی نیچے اتررہا تھا اور احتیاطی طور پر مسجد کے اندرونی حصہ میں متاثرہ حصہ میں نماز کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ماہرین خصوصی طور پر تیارکردہ کچی اور چونے سے یہ کام انجام دیں گے اور یہ تیاری مسجد کے احاطہ میں عمل میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ چھت پر ڈانبر کی پرت صاف کرنے کا کام شروع کیا جارہا ہے اور امید ہے کہ 20 تا 25 لاری ملبہ نکلے گا۔ محمد سلیم نے کہا کہ مکہ مسجد کی اہمیت اور اس کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لیے حکومت نے اس پراجیکٹ کو منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے جامعہ نظامیہ میں تعمیر کیے جارہے آڈیٹوریم کے لیے ابھی تک تقریباً 5 کروڑ روپئے جاری کیے گئے۔ 14 کروڑ روپئے کے مصارف سے آڈیٹوریم کا کام جاری ہے اور کاموں کی تکمیل کے ساتھ ساتھ وقف بورڈ رقم جاری کرے گا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ ہفتہ کے دن وہ جامعہ نظامیہ کا دورہ کرتے ہوئے آڈیٹوریم کے تعمیری کاموں کا معائنہ کریں گے۔ اس کے علاوہ پیر کو وہ مکہ مسجد کا دورہ کریں گے۔ آرکیالوجیکل سروے کے انجینئرس کے ساتھ چھت کے مرمتی کاموں کا مشاہدہ کریں گے۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو جامعہ نظامیہ کے آڈیٹوریم کا افتتاح کریں گے اور امکان ہے کہ وہ فروری میں بانی جامعہ نظامیہ کے عرس کے موقع پر تقاریب میں حصہ لیتے ہوئے افتتاحی رسم انجام دیں گے۔ محمد سلیم نے کہا کہ انیس الغرباء کے ہمہ منزلہ کامپلکس کی تعمیر کا کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے آر اینڈ بی کو ہدایت دی گئی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو شہر کے تاریخی مقامات کے تحفظ کے لیے سنجیدہ ہیں۔ جامعہ نظامیہ میں عصری آڈیٹوریم کی تعمیر کا مقصد جنوبی ہند کی اس عظیم درس گاہ کو حکومت کی جانب سے تحفہ پیش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے وقف بورڈ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔