رمضان المبارک کے اخراجات و دیگر اُمور کی انجام دہی پر بھی غوروخوض
حیدرآباد۔ یکم جون (سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد کی چھت کی مرمت کیلئے محکمہ آثارِ قدیمہ کی جانب سے تقریباً 2 کروڑ روپئے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ تاریخی مکہ مسجد کی مرکزی عمارت کے علاوہ آصف جاہی سلاطین کے مقبروں کی چھت اور آثارِ مبارک کے کمروں کی چھت کی مرمت کیلئے محکمہ آثار قدیمہ کے ماہرین سے رائے طلب کی گئی تھی جس پر محکمہ آثار قدیمہ کے ماہرین کی تخمینی لاگت 2 کروڑ روپئے لگاتے ہوئے محکمہ اقلیتی بہبود کو اپنی رپورٹ پیش کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل تاریخی مکہ مسجد کے مرمتی و تعمیری کاموں کیلئے 5 کروڑ روپئے کی منظوری یقینی بنادی جائے گی چونکہ چھتوں کی تعمیر کے علاوہ مسجد کے مرکزی باب الداخلہ اور مہاجرین کیمپ کے راستے کے مرمتی کاموں کے علاوہ مسجد کے تمام بیت الخلاؤں کی ازسرنو تعمیر کی تجاویز بھی محکمہ کو روانہ کردی گئی ہے۔ جبکہ ماہ رمضان المبارک کے مخصوص اخراجات و دیگر اُمور کی انجام دہی کی بھی تجاویز محکمہ میں زیرغور ہے اور بتایا جاتا ہے کہ تمام تجاویز کی تخمینی لاگت تقریباً 5 کروڑ روپئے ہے جوکہ بہت جلد حکومت کی جانب سے منظور کئے جانے کا امکان ہے۔ ماہ رمضان المبارک کی تیاری کے سلسلے میں ذرائع کے مطابق مسجد کے صحن میں عارضی چھت کے علاوہ بیت الخلاؤں کے معمولی مرمتی کاموں اور اضافی روشنی کا انتظام مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی ذمہ داری ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ چند دنوں کے دوران جی ایچ ایم سی کی جانب سے ان اُمور کی انجام دہی کو بھی مکمل کرلیا جائے گا۔ تاریخی مکہ مسجد میں ماہ رمضان المبارک کے دوران صحن میں نمازِ تراویح ہوا کرتی ہے اور عوام کی کثیر تعداد مکہ مسجد میں نماز تراویح ادا کرتی ہے۔ مصلیان کرام کیلئے مسجد کے دونوں حوض کے علاوہ دیگر وضو خانوں کو بھی بہتر بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مکہ مسجد کے صحن میں مصلیوں کی سہولت کے لئے عارضی چھت کی تعمیر کے سلسلے میں بلدی عہدیداروں کو مطلع کردیا گیا ہے جو عارضی چھت کی تعمیر کے علاوہ اضافی روشنی کے انتظامات مکمل کریں گے۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں نے ماہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر تاریخی مکہ مسجد کے علاوہ اطراف و اکناف کے علاقوں میں موثر برقی سربراہی کے سلسلے میں تجاویز حاصل کررہے ہیں اور امکان ہے کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی مکہ مسجد اور چارمینار کے قریب موبائل ٹرانسفارمر کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔